Wکراچی میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

Wسندھ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد تین ہوگئی

جمعرات 16 مئی 2019 20:10

`کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2019ء) شہر قائد میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں رواں سال کے دوران پولیو کا دوسرا کیس سامنے آگیا ہے جس کے بعد سندھ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق متاثرہ بچے عبدالناصر کی عمر چھ ماہ ہے اور اس کا تعلق گلشن اقبال یو سی بارہ سے ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال کراچی میں پولیو کیسز کی تعداد دو ہوگئی ہے، جبکہ سندھ بھر پولیو کیسز کی تعداد ابھی تک تین ریکارڈ کی گئی ہے۔سندھ میں پولیو کے خاتمے سے وابستہ ادارے ای او سی سندھ کے حکام کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ یو سی 12 میں 6 ماہ کے عبدالناصر ولد عبد القہار کی پولیو سے دونوں ٹانگیں متاثر ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس بچے کے والد اور دادی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچے کو کبھی پولیو کے قطرے پینے نہیں دیے اور جب کبھی پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیمیں گھر پر آئیں تو انھوں نے بچے کی موجودگی سے انکار کیا۔

بچے کو گزشتہ ماہ 25 تاریخ کو بخار ہوا اور اسے چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ بچے کو علاقے میں موجود مام جی اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اس کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے گئے جس نے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی۔ماہرین کے مطابق یہ کراچی کا دوسرا اور سندھ کا تیسرا کیس ہے اس سے پہلے لیاری میں ایک بچی پولیو وائرس سے متاثر ہوچکی ہے۔ای او سی سندھ کے ترجمان عابد حسن کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 17 ہو چکی ہے اور خدشہ ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھے گی۔