Live Updates

پاکستان 2019ء کو افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کے چالیس سال مکمل ہونے کے طور پر منائے گا

افغان مہاجرین کو کیمپوں میں رکھنے کے ساتھ 70 فیصد مہاجرین کو آزادانہ رہنے سمیت کاروبار کا حق دیا، شہریار آفریدی

ہفتہ 18 مئی 2019 14:04

پاکستان 2019ء کو افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کے چالیس سال مکمل ہونے ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) وزیر مملکت برائے سیفران شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان 2019ء کو افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کے چالیس سال مکمل ہونے کے طور پر منائے گا، پورے سال تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، پاکستان نے اپنے معاشی بحران کے باوجود افغان مہاجرین کو کیمپوں میں رکھنے کے ساتھ ساتھ 70 فیصد مہاجرین کو عام پاکستانیوں کے ساتھ آزادانہ رہنے اور کاروبار کا حق دیا، وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کیمپ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ حکومت پاکستان افغان مہاجرین کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔

وہ یہاں افغان مہاجر کیمپ16- میں افغان مہاجرین سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مہاجرین کے مشران نے وزیر سیفران کو روائتی افغان پگڑی بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

شہر یار آفریدی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے 40 لاکھ مہاجرین کو نہ صرف خوش آمدید کہا بلکہ انہیں بھائیوں کی طرح 40 سال تک اپنے ساتھ رکھا، ایسے حالات میں جبکہ ترقی یافتہ ممالک مہاجرین کی ایک کشتی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے، حکومت پاکستان کے ساتھ پاکستانیوں نے بھی مہاجرین کے ساتھ اپنے وسائل تقسیم کئے اور اس سخاوت کی عالمی تاریخ میں مثال نہیںہے۔

وزیر سیفران شہر یار آفریدی نے کہا کہ ان کے وزارت داخلہ کے دور میں انہوں نے مہاجرین کے بڑے مسائل حل کئے جس میں 16 لاکھ افغان مہاجرین کو بینک اکائونٹس کھولنے کی سہولت دینا سرفہرست ہے، پاکستان آج بھی اپنے معاشی مسائل کے باوجود 24 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے اور ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، پاکستان میں اس وقت 14 لاکھ کے قریب افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہیں اور 8 لاکھ 40 ہزار اے سی سی کارڈ ہولڈرز ہیں جبکہ پانچ لاکھ کا کوئی ڈیٹا ہی موجود نہیں ہے، یورپ میں مہاجرین کے حوالہ سے سیاست تبدیل ہو گئی ہے لیکن آج بھی ہمارے دروازے مہاجرین کیلئے کھلے ہیں، ان افغان مہاجر کیمپوں نے افغانستان کیلئے وزراء تک پیدا کئے، حامد کرزئی سمیت 22 وزراء ان کیمپوں میں پلے بڑھے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان مہاجرین کے مشر ہیبت شاہ نے وزیر سیفران شہر یار آفریدی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے وزیر ہیں جنہوں نے مہاجر بستی کا دورہ کیا، بدقسمتی یہ ہے کہ افغان مہاجرین تشخص کے بحران سے گذر رہے ہیں، وہ پاکستان میں بھی مہاجر ہیں اور افغانستان میں بھی انہیں قبول نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ان کے اکثر مسائل حل ہوئے ہیں جس پر وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر سیفران شہریار آفریدی کے مشکور ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات