نواز شریف پر 33 قیمتی بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا الزام

احتساب عدالت نے نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کو نواز شریف سے پوچھ گچھ کی اجازت دے دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 مئی 2019 15:15

نواز شریف پر 33 قیمتی بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا الزام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2019ء) : سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف پر 33 قیمتی بلٹ پروف گاڑیوں کی مبینہ خریداری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پر 33 قیمتی سرکاری بلٹ پروف گاڑیوں کی مبینہ خریداری کا الزام ہے۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کو باقاعدہ نواز شریف سے پوچھ گچھ کی اجازت دے دی ہے۔

نیب کی تفتیشی ٹیم نواز شریف سے لاہور کوٹ لکھپت جیل میں پوچھ گچھ کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے یہ گاڑیاں 2015 اور 2016ء میں خریدی تھیں۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ تفتیشی افسر عبدالماجد اس حوالے سے سابق پرنسیپل سیکرٹری فواد حسن فواد کیمپ جیل میں پوچھ گچھ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف سے دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔جب کہ دوسری جانب اسلام آبادہائی کورٹ میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست کی سماعت ہوئی. جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی‘دورانِ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹنے نیب کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھی نوٹس جاری کر تے ہوئے ان سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے. دورانِ سماعت سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں. انہو ں نے عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطل کی جائے اور انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے. اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں دل کےعلاج کے لیے پرسکون ماحول کی ضرورت ہے. اس میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف مختلف بیماریوں کا شکار ہیں جس سے ان کی زندگی کو خطرہ ہے۔