Live Updates

بدعنوان سیاستدان پیسہ واپس کرنا مگر رسیدیں دبانا چاہتے ہیں‘صمصام بخاری

شریف برادران کسی تیسرے فرد کے ذریعے ڈیل کے لئے تیار ہیں،لیکن ان کا بنیادی مسئلہ اپنے بچوں کی سیاست بچانا ہے ڈیل کے حوالے سے نوازلیگ کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے، ایک بھائی فرار ہو گیا دوسرا بھاگنے کے لئے ہاتھ پائوں مار رہا ہے اے پی سی اور حکومت مخالف تحریک کی منصوبہ بندی نے دونوںجماعتوں کے کرپٹ عناصرکا گٹھ جوڑ عوام پر عیاں کر دیا‘صوبائی وزیر

بدھ 22 مئی 2019 22:08

بدعنوان سیاستدان پیسہ واپس کرنا مگر رسیدیں دبانا چاہتے ہیں‘صمصام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث سیاستدان پیسہ تو واپس کرنا چاہتے ہیں لیکن رسیدیں نہیں دینا چاہتے، شریف برادران کسی تیسرے فرد کے ذریعے ڈیل کے لئے تیار ہیں،لیکن ان کا بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے بچوں کی سیاست بچانے کے بھی خواہش مند ہیں۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈیل کے حوالے سے نوازلیگ کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔ ماضی کی طرح شہبازشریف ایک دفعہ پھر راہ فرار اختیار کر چکے ہیں۔ جبکہ ان کے بڑے بھائی بھی لندن جانے کے لئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بے نامی اکائونٹس سے جن لوگوں کے پیسے نکل رہے ہیں انہیں اتنے صفر لگانے نہیں آتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہنا سچ ثابت ہوا ہے کہ لوٹ مار کرنے والے سیاستدان اصل میں ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کا عزم ہے کہ قومی دولت کی ایک ایک پائی کی حفاظت کریں گے۔ حقیقی تبدیلی یہی ہے کہ کرپٹ عناصر کھل کر بے نقاب ہو گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اے پی سی اور حکومت مخالف تحریک کی منصوبہ بندی نے دونوں جماعتوں کے کرپٹ عناصر کا گٹھ جوڑ عوام پر عیاں کر دیا ہے۔ لیکن پی ٹی آئی حکومت الیکشن میں جو مینڈیٹ لے کر آئی ہے وہ یہی ہے کہ ملکی دولت کو لوٹنے والے کسی چور ڈاکو کو ہرگز معافی نہیں ملے گی۔ سب چوروں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات