کامیابی کی طرف مثبت سفررفتہ رفتہ جاری ہے، آرمی چیف

ماضی میں متعدد چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا، قومی مقاصدکیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، پاک بھارت کشیدگی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوی جوانوں کا جذبہ قابل ستائش رہا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کمانڈاینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 مئی 2019 16:37

کامیابی کی طرف مثبت سفررفتہ رفتہ جاری ہے، آرمی چیف
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مئی 2019ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کامیابی کی طرف مثبت سفررفتہ رفتہ جاری ہے، ماضی میں متعدد چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا، قومی مقاصدکیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،پاک بھارت کشیدگی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوی جوانوں کا جذبہ قابل ستائش رہا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈاینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔

آرمی چیف نے اسٹاف کورس کرنے والے طلباء اور اساتذہ سے ملاقات اور خطاب بھی کیا۔آرمی چیف نے خطاب میں قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں اور افسران کا کردار قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

پاک بھارت کشیدگی میں بھی جوانوں کا کردار انتہائی حوصلہ افزا تھا۔نوجوان افسر ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں متعدد چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ پاکستان اب دیرپا امن واستحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ کامیابی کی طرف سفر سست مگرمثبت ہے، ہمیں پرعزم رہنا ہوگاکہ ہم قومی مقاصد کے حصول کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی مقاصد حاصل کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔