چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، بدعنوانی کی4 ریفرنسز دائرکرنے کی منظوری دی گئی

میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیر ا ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال

جمعرات 23 مئی 2019 17:03

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میںڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی، ڈی جی آپریشن، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

نیب کے جاری بیان کے مطابق نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔ تمام انکوائریاں مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو کہ حتمی نہیں۔ نیب قانون کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا مؤقف معلوم کرنے کے بعد مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بدعنوانی کی4 ریفرنسز دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چوہدری رشید احمد، سابق ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگرکے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان نے مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے سے 28.5 ملین روپے کی رقم ایڈور ٹائزنگ ایجنسی کے ساتھ مل کر نکلوانے کی کوشش کی جس کو بروقت کارروائی کے ذریعے پی اے آر سی نے ناکام بنا دیا۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں نعیم الدین خان سابق صدر بینک آف پنجاب اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بینک آف پنجاب کے شیئرز کی خرید و فروخت میں انسائڈ ٹریڈنگ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 10.385 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںگلاب خان سیکرٹری کراچی پورٹ ٹرسٹ آفیسرز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر قواعد و ضوابط کے خلاف من پسند افراد کو الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 110 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں منظور قادر سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای) کراچی اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نہر ِاخیام کراچی میں سرکاری زمین میسرز فرینڈز ایسوسی ایٹس کومبینہ طور پر غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 3 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 3 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں سیّد طلعت محمودسابق چیف آپریٹنگ آفیسر زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور دیگر، ناصر اقبال بوسال رکن قومی اسمبلی اور امداد اللہ بوسال سابق سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب اور میسرز رداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب ری نیو ایبل انرجی کمپنی لمیٹڈکی انتظامیہ/افسران/اہلکاران اور دیگر اور قائد اعظم ونڈ پاور کمپنی لمیٹڈ کی انتظامیہ/افسران/اہلکاران اور دیگرکے خلاف اب تک عدم شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق انکوائری ختم کرنے کی منظوری دی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیر ا ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور عوام کی لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ر ہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کا خاتمہ نیب سمیت تمام پاکستانیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے اور نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔