جو پاکستان اور اس کے جھنڈے کو نہ مانے اس کو یہاں رہنے اور اس ایوان میں بیٹھنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں، علی محمد خان

جمعہ 31 مئی 2019 13:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ جو پاکستان اور اس کے جھنڈے کو نہ مانے اور جس کی وجہ سے ملک میں افراتفری اور فساد پھیلے اس کو یہاں رہنے اور اس ایوان میں بیٹھنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں‘ ایسے شخص کی رکنیت منسوخ کی جائے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران متحدہ مجلس عمل کے رکن جمال الدین نے کہا کہ علی وزیر کو ایوان میں وضاحت کے لئے لایا جائے اور اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔

اس پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ اس خطہ میں دو بڑی جنگیں لڑی جاچکی ہیں۔ اس سے یہاں غیر معمول حالات رہے ہیں۔ ہم نے 30 سے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے قربانی کی مثال قائم کی۔ افغانستان سے طاہر داوڑ کی لاش ملی ہے۔ ہمارا سوال بنتا ہے کہ پاکستان کے بیٹے کی لاش وہاں سے کیوں ملی ہے پھر انہوں نے لاش پاکستان کے وزیر داخلہ کرنے کی بجائے منظور پشتین کے حوالے کرنے پر اصرار کیا ۔

جس نے پاکستان کے اداروں اور پاکستان کی جڑیں کاٹیں اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ پاکستان کو بچانا ہے یا اس معاملے پر سیاست کرنی ہے۔ یہ لوگ اپنے جلسوں میں پاکستان کا جھنڈا تک نہیں لانے دیتے جس کی وجہ سے ملک میں افراتفری اور فساد پھیلے اس کو ایوان میں بیٹھنے کا بھی حق نہیں ہے اس کی رکنیت منسوخ کی جائے۔ جو پاکستان اور اس کے جھنڈے کو نہیں مانتا یہاں رہنے کا بھی اس کو حق نہیں ہے۔