کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 اگست 2025ء ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایران کے دوروزہ دورے سے واپسی پر ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کراچی کی ابترحالت،شہریوں کے سنگین مسائل،سندھ حکومت و قابض میئر کی نااہلی و بدانتظامی،کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی دشمن رویہ ترک کرے، کراچی کے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے 2001ء کا بلدیاتی نظام نافذ اور اسے آئینی تحفظ دیا جائے، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں، بیوروکروسی کو منتخب بلدیاتی اداروں کے ماتحت اور مالیات و انتظامی اختیارات دیے جائیں، عوامی مسائل کے حل کے لیے پورے ملک میں بااختیار بلدیاتی نظام ہونا چاہیئے،پنجاب اور اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے اور کے پی کے میں بھی سارے اختیارات بیوروکریسی کے پاس ہیں۔
(جاری ہے)
جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لیے اتوار31اگست کوپریس کلب تا گورنر ہاؤس ”حقوق کراچی مارچ“ کررہی ہے،کراچی کے عوام طلباء،ڈاکٹرز،اساتذہ، علمائے کرام، انجینئرز،صنعتکاروں،مزدور وتاجر وں سمیت ہر طبقے کے افراد مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔پورے ملک میں سیلابی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، بھارت کی آبی جارحیت کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے،سیلابی صورتحال میں حکومت پنجاب،این ڈی ایم اے،پی ڈ ی ایم اے کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے جس طرح کے پی کے میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے اپنی خدمات پیش کیں،ہم پنجاب میں بھی متاثرین کی ہر طرح کی مدد کریں گے،جماعت اسلامی نے پنجاب میں اپنے تمام اضلاع کو ہدایت کرد ی ہے کہ سب میدان میں موجود ہوں، ملک بھرکے نوجوانوں سے اپیل ہے کہ الخدمت کے رضاکار بنیں اورمتاثرین سیلاب کی بحالی و امدادی سرگرمیوں میں شریک ہوں،عوام کی مسترد شدہ پارٹیوں،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو فارم 47کے ذریعے کراچی میں مسلط کیا گیا اور پورے ملک کو فارم 47والی حکومت کے حوالے کردیا گیا،سندھ اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں 200فیصد اضافہ قابل مذمت اور عوام دشمن فیصلہ ہے،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی جبکہ باقی تمام پارٹیوں نے تنخواہوں میں اضافے کے اس ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلے کی حمایت کی،یہی عمل سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی کیا گیا،اپنی تنخواہیں بڑھانے میں سب پارٹیاں ایک ہوجاتی ہیں لیکن عوامی مسائل سے کسی پارٹی کو کوئی سروکار نہیں۔
جماعت اسلامی عوامی مزاحمت و جدوجہد کو جاری رکھے گی، پیپلز پارٹی نے کراچی کی میئر شپ پر قبضہ کرکے شہر کو تباہ کیا ہے۔ حالیہ بارشوں میں مرکزی شاہراہیں ڈوب گئیں، خواتین اور بچے گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہے اور رات گئے گھروں کو پہنچے۔ اس کی واحد وجہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی کرپشن اور نااہلی ہے،کراچی پاکستان کا معاشی حب اورپورے ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن یہاں کے شہریوں کو بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں۔
آج تک پی ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا، نالوں کی صفائی کے فنڈز کرپشن و نااہلی کی نذر ہوگئے جس کے نتیجے میں بارشوں میں شہر ڈوب جاتا ہے۔ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے اربوں روپے لگائے گئے لیکن عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا۔مرتضی وہاب تنخواہوں کی مدمیں دیے جانے والے پیسوں کو کہتے ہیں کہ ہم نے جماعت اسلامی کے ٹاؤنز ماہانہ کو ایک ارب ماہانہ ترقیاتی فنڈدیا ہے، پیپلز پارٹی 17سال میں جو ترقیاتی فنڈز کے تقریباََ ایک ہزار ارب روپے کھا چکی ہے اس کا حساب دے،جماعت اسلامی نے ریٹائرڈ ملازمین کے وہ واجبات جو اس کے ذمے بھی نہیں تھے اپنے ٹاؤنز کے وسائل سے اداکیے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوئے جبکہ گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔سندھ اس وقت بڑے خطرے سے دوچار ہے کیونکہ دریاؤں کے بیڈ کی صفائی کئی برسوں سے نہیں کی گئی۔صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار کا لیول اس قدر بڑھ چکا ہے کہ کوئی ادارہ درست کام نہیں کررہا۔
پچھلے سیلابوں میں بھی سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔سندھ میں بدامنی عروج پر ہے، ڈاکوؤں کا راج قائم ہے اور ہندو برادری کے کاروباری حضرات کو اغوا کرکے کروڑوں اور اربوں روپے تاوان وصول کیا جاتا ہے، یہ سب حکومتی سرپرستی اوروڈیروں کی ملی بھگت سے ہوتا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر ایران کا کردار انتہائی قابل قدر ہے،پاکستان کو بھی آگے بڑھ کر قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان دنیا کا واحد ایٹمی مسلم ملک ہے۔
حالیہ پاک، بھارت اور ایران، اسرائیل جنگ میں بھی دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا۔پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت پر پوری ایرانی قوم پاکستان کی شکر گزار ہے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے بیانات سے واضح ہے کہ وہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس میں مصر، پاکستان، ترکی سمیت کوئی عرب ملک اس کے لیے اہمیت نہیں رکھتا۔
ایسے حالات میں ضروری ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف عملی اقدامات کریں۔پاکستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران ایرانی وزیر اعظم مسعود پزشکیان سے ملاقات میں بھی یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
ایران نے اپنی یکجہتی اور عوامی حمایت کے ذریعے اسرائیل جیسے دشمن کو شکست دی جو امت مسلمہ کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ پریس کانفرنس میں امیر کراچی منعم ظفر خان، سکریٹری صوبہ سندھ محمد یوسف،نائب امراء کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، محمد اسحاق خان، مسلم پرویز، عبدا لوہاب،راجا عارف سلطان،رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔