Live Updates

لاہور ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 16 کالجز میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا

متاثرہ علاقوں میں 29 اور 30 اگست کو کالجز بند رہیں گے، ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اگست 2025 19:37

لاہور ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 16 کالجز میں چھٹی کا اعلان ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 اگست 2025ء ) لاہور ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں 16 کالجز کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 16 کالجز میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 29 اور 30 اگست کو مختلف علاقوں میں کالجز بند رہیں گے۔

ان علاقوں میں شاہدرہ، چوہنگ اور بند روڈ ، شرقپور شریف، فیروزوالہ، خانقاہ ڈوگراں اور نارنگ منڈی کے کالجز میں چھٹی کی گئی ہے۔ اسی طرح ننکانہ صاحب کے علاقوں منڈی فیض آباد اور سید والا کے میں بھی کالجز میں 2 روز کی چھٹی کردی گئی ہے۔ قصور کے علاقے کنگن پور میں بھی کالجز بند رکھنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے سیلاب سے متاثرہ کچھ علاقوں میں سکول بھی بند کردئیے گئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دریائے راوی پرشاہدرہ کے مقام کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ریسکیو عملے کے ہمراہ کشتی میں سوار ہو کر دریائے راوی کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ اور انتظامات کا جائزہ لیا اور راوی میں شاہدرہ کے مقام پر بڑا سیلابی ریلا گزر نے پر صورت حال کا مشاہدہ کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شاہدرہ راوی پل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے انفراسٹرکچر اور ڈیمز کو مستقبل میں بہتر بنائیں گے۔ پانی سٹور کرنے کے لیے سٹرکچر بنائیں گے، سیلاب سے نمٹنے کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے۔ دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہ کو بھی کلیئر کیا جائیگا۔

متاثرین کی مدد پولیس اور ریسکیو کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ افواج پاکستان نے مدد کی ہے لوگوں کو ریسکیو کیا ہے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ریسکیو اور ریلیف ورک میں عوام تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی ایک پارٹی کا نام نہیں لینا چاہتی لیکن ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر مُلکی مفاد میں اب کچھ فیصلے کر لینے چاہئیں کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کا سوال ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں شدید ترین بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے ۔ یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے ۔ بھارت نے اپنے ڈیم بھر جانے کی وجہ سے پانی چھوڑا تھا۔ تمام ادارے مکمل الرٹ تھے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتظامیہ ، ریسکیو اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے بہترین دن رات کام کیا ہے ۔کمشنرز، ڈپٹی کمشنر نے دن رات کام کیا ۔ اگر تیاری نا ہوتی تو نقصان بہت زیادہ ہوتا ۔ 38 سال بعد ایسا سیلاب آیا ہے ۔ ہمارے لیے ہر جان قیمتی ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات