سند یافتہ چور علیم خان نیب پیشی پر قانونی پروٹوکول وصول کرتے رہے ہیں‘ وقار مہدی

اداروں کا دوہرا معیار پیپلز پارٹی کے لئے کوئی نئی بات نہیں‘ پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمد کہتے ہیں‘ افطار ڈنر سے خطاب

جمعہ 31 مئی 2019 19:50

سند یافتہ چور علیم خان نیب پیشی پر قانونی پروٹوکول وصول کرتے رہے ہیں‘ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع غربی (ویسٹ) کی جانب سے میٹروول نزد باب خیبر مین روڈ این اے 250 کے مرکزی آفس پر صدر و ایم پی اے لیاقت علی آسکانی اور جنرل سیکریٹری علی احمد جان کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں سمیت علاقہ معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جبکہ افطار سے قبل سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو ،جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، راشد حسین ربانی ،لیاقت علی آسکانی اور علی احمد جان نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، نعمان شیخ، نجمی عالم، راشد خاصخیلی، خلیل ہوت ، وقاص شوکت ، عابد ستی، عمران بلوچ سمیت دیگر عہدیداران ،کارکنان و خواتین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

افطار سے قبل اے این پی کے علاقائی عہدیداران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور نثار احمد کھوڑو نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا تھا وفاقی حکومت کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا جانے والا رویہ نیا نہیں ہے ہمارے ساتھ حکومت وقت سمیت تمام اداروں کا رویہ تاریخ میں ایک سیاہ باب کی طرح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سند یافتہ چورعلیم خان جب نیب کورٹ پیش ہوتے ہیں تو نیب اور سکیورٹی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوتے ہیں اوراس کے برعکس جب اس ملک کا محبوب اور نوجوان لیڈر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نیب حاضری پر جاتے ہیں تو کارکنان پر لاٹھی ، شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے حاکموں نے بھی یہی سوچ کر پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں پر ظلم کے پہاڑ گرائی مگر آج پیپلز پارٹی کو غرق کرنے والے منوں مٹی تلے سو گئے ہیں۔