ْحکومت کی بجٹ تجاویز انتہائی خوش آئند ،

تعلیم کے فروغ کیلئے رقم سے چھوٹے شہروں میں نئی یونیورسٹیاں اور پیشہ وارانہ تعلیمی ادارے قائم کر نے کیلئے اقدامات کیے جائیں،چیئر مین پاکستان نیشنل مسلم لیگ چوہدری امجد علی وڑائچ

منگل 11 جون 2019 14:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2019ء) پاکستان نیشنل مسلم لیگ کے چیئر مین چوہدری امجد علی وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت کی بجٹ تجاویز انتہائی خوش آئند ،کرپٹ افرادکی گرفتاریاں قابل ستائش لیکن کڑے احتساب کے ذریعے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی سب سے اہم ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے فروغ کیلئے مختص رقم سے چھوٹے شہروں میں نئی یونیورسٹیاں ، پیشہ وارانہ تعلیمی ادارے ، کالجز و سکولز قائم کر نے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔

منگل کے روز جناح کالونی سیکرٹریٹ فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہا کہ آصف زرداری پر منی لانڈرنگ کے مقدمات اور وہ زیر تفتیش تھے جس میں عدالت نے پہلے ان کی ضمانت لی لیکن اب قانونی بنیادوں پر ان کی ضمانت مسترد کر دی گئی ہے جسے سیاسی انداز دینا کسی صورت مناسب اقدام نہیںکیونکہ جو معاملات عدالتوں میں چل رہے ہیں ان کے فیصلے بھی عدالتیں ہی کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے احتساب کا عمل جاری رہنا چاہئے تاکہ ملک میں ترقی اور خوشحالی آ سکے ۔ انہوںنے کہاکہ نئی نسل ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے محنت کرے کیونکہ ہر عہد کی اپنی اہمیت ہوتی ہے مگر پاکستان میں ہر عہد میں ملک کیلئے کچھ نہیں ہو سکا لیکن ابھی وقت ہے کہ ہم سب مل کر ملک کیلئے کام کریں اور اس عہد کو ملک کی ترقی کے نام سے منسوب کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ 1947 ء سے 2008 ء تک کل قرضہ 37 ارب ڈالر تھا جبکہ 2008ء سے 2018 ء کے دوران پاکستان کا قرضہ 97 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ۔انہوںنے کہاکہ انشاء الله حکومتی اقدامات سے ملک میںجلد معاشی استحکام ، اقتصادی خوشحالی، بیرونی قرضوں سے نجات ، قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کا خواب پورا ہو گا۔