Live Updates

بلاول بھٹو زرداری نے 21 جون سے ملک گیر رابطہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا

پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کی تیاری کرلی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 جون 2019 14:08

بلاول بھٹو زرداری نے 21 جون سے ملک گیر رابطہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف 21 جون کو ملک گیر رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لیے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک گیر رابطہ مہم اور حکومت مخالف احتجاج کا شیڈول تیار کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری نے 21 جون سے ملک گیر رابطہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 21 جون کو پیپلزپارٹی کے تحت نوابشاہ میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ رواں ماہ پنجاب کے مختلف شہروں میں پیپلزپارٹی کے تحت ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کا عوامی رابطہ مہم دو ماہ تک جاری رکھنے کا امکان ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اگست کے اختتام تک کراچی تا کشمیر مختلف اضلاع میں رابطہ مہم کے تحت دورہ کریں گے۔ واضح رہے کہ نیب کی گرفت میں آنے کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے متحد ہو کر حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا جس میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اپوزیشن کی اکثریت نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے حکومت مخالف احتجاج میں شریک ہونے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

لیکن مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکن مزید مایوس ہو گئے لیکن مریم نواز نے حکومت پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا، حال ہی میں انہوں نے ظفر وال میں سیاسی پاور شو کیا جس میں انہوں نے موجودہ حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا تاہم اب پیپلز پارٹی نے حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنانے اور اس کو مزید تقویت دینے کے لیے ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات