مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کی دوسری برسی کے موقع پر کل علمی سیمینار منعقد ہوگا

جمعرات 20 جون 2019 23:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2019ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں پارٹی کے مرحوم سینئر ڈپٹی چیئرمین پشتون قومی سیاسی تحریک کے عظیم رہنماء مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کی دوسری برسی کے موقع پر کل بروز ہفتہ 22جون سہہ پہر 3بجے پشتون اکیڈمی کوئٹہ میں ایک علمی سیمینار منعقد ہوگا۔ جس سے مختلف ادیب ، دانشورز اپنے مقالے اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماء اپنے خطاب میںان کے عظیم قومی وطنی سیاسی قربانیوںوخدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرینگے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل نے پشتون غیور ملت کی قومی محکومی کے خاتمے ، پشتونخواوطن کی ملی وحدت ملی تشخص کی بحالی ، قومی وسائل پر قومی حق ملکیت ، آزاد اوجمہوری افغانستان کی آزادی و ملی استقلال کی دفاع ، پاکستان میں قوموں کی برابری پر مبنی جمہوری فیڈریشن کے قیام ، قوموں وعوام کی جمہوری اقتدار، آئین وقانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی امن وترقی ، سماجی عدل وانصاف کیلئے عوامی اور پارلیمانی محاذ پر قومی اورجمہوری تحریکوں میں تاریخی اور پرافتخار رول ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زمانہ طالب علمی سے خان شہید عبدالصمدخان اچکزئی اور باچا خان کی قیادت میں پشتون قومی تحریک میں فعال کردار ادا کیا ۔ اور خان شہید کے سچے پیروکار کی حیثیت سے جدوجہد کے ہر مرحلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔مرحوم رہنماء نے پشتونخوامیپ کوعلمی ونظریاتی بنیادوں پر منظم کرنے اور پشتون قومی تحریک کو متحد کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ پشتون افغان غیور ملت اور تاریخی افغانستان کی تاریخ ، پشتو زبان وادب اور قومی سیاسی تحریک کے علمی سیاسی لٹریچر کے حوالے سے ان کے تاریخی وعلمی تصانیف پشتون افغان غیور ملت کیلئے عظیم اثاثہ ہے۔ پشتونخوامیپ اور پشتون قومی تحریک مرحوم رہنماء کی یاد کو عزت واحترام کے ساتھ ہمیشہ تازہ رکھے گی ۔