حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیاہے،جماعت اسلامی رہنماء

، مسلم لیگ ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مہنگائی اور بجٹ کے خلاف بات کرنے کے بجائے پروڈکشن آرڈر کے لیے شور مچا رہے ہیں ش* جماعت اسلامی مزدور کی طاقت کے ذریعے ملک میں مہنگائی کے خلاف مہم چلائے گی محنت کش آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا حصہ بن جائیں ، نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 جون 2019 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2019ء) حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیاہے ۔ مسلم لیگ ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مہنگائی اور بجٹ کے خلاف بات کرنے کے بجائے پروڈکشن آرڈر کے لیے شور مچا رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی مزدور کی طاقت کے ذریعے ملک میں مہنگائی کے خلاف مہم چلائے گی ۔

محنت کش آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا حصہ بن جائیں ۔ یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیرجماعت اسلامی و صدر لیبر کمیٹی اسد اللہ بھٹو نے منصورہ میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی ، نو منتخب سیکرٹری جنرل شاہد ایوب خان اور ایڈیشنل سیکرٹری طیب اعجاز سواتی نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح اسٹیٹس کو کو بچانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے ۔ موجودہ حکومت کے وزیر مشیر سابقہ حکومتوں سے مستعار لیے گئے ہیں ۔ ملک کو اقتصادی و معاشی زبوں حالی کا شکار کرنے اور جمہوری نظام کو آمریت کی بھینٹ چڑھانے والے حکومتی صفوں میں موجود ہیں ۔ جب تک ہر حکومت میں نظر آنے والے چند چہرے اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہیں ،نظام میں کوئی بہتری نہیں آسکتی ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ دور حکومت میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا طبقہ مزدوروں اور کسانوں کا ہے جن کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں اور صنعت اور تجارت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ۔ اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنے والوں نے قوم کو دھوکہ دیا ہے۔ حکمرانوں نے پورا ملک امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھ دیاہے ۔ آئی ایم ایف کے کارندے اور تنخواہ دار پاکستان کو معاشی بحران کی جانب دھکیل رہے ہیں ۔

غریب آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس رہاہے ۔ قومی ادارے دیوالیہ ہورہے ہیں ۔ لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے ان حالات میں نیشنل لیبر فیڈریشن کے کارکنان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرنا چاہتی ہے جہاں زکوة دینے والے تو ہوں ،لیکن لینے والا کوئی نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل لیبر فیڈریشن بین الاقوامی سطح پر اپنے آپ کو منوا رہی ہے اور یہ پاکستان کی سب سے بڑی فیڈریشن ہے ۔

قومی اداروں کی نج کاری اور مہنگائی کے خلاف این ایل ایف ملک بھر میں بھر پور طریقے سے آواز بلند کر رہی ہے ۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ 2019 ء این ایل ایف کا گولڈن جوبلی سال ہے اور یہ سال این ایل ایف کی کامیابیوںو کامرانیوں کا سال ثابت ہوگا ۔ پی ٹی سی ایل میں این ایل ایف کی حمایت یافتہ فیڈریشن کی کامیابی نے ہمیں بڑا حوصلہ دیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی محنت کش طبقہ ہی لائے گا ۔ گولڈن جوبلی پروگرامات پورے ملک میں بھر پور طریقے سے منعقد ہوں گے اور ہم منظم اور غیر منظم محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے بڑی تبدیلی لائیں گے ۔ دریں اثنا این ایل ایف کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مشاورت کے بعد این ایل ایف کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے پی ٹی سی ایل ورکرز پاک یونین کے چیئرمین شاہد ایوب خان کو این ایل ایف کا نیا سیکرٹری جنرل مقرر کیاہے ۔ شاہد ایوب خان نے مجلس عاملہ کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل کے عہدے کا حلف اٹھا کر تنظیمی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔