ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدرمنیر کی زیرصدارت ہوٹل‘میرج ہالز کے اوقات کار اور آتش بازی کے معاملہ پر میرج ہا لز مالکان سے میٹنگ

جمعرات 4 جولائی 2019 23:23

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدرمنیر کی زیرصدارت ان کے آفس چمبر میں ہوٹل‘میرج ہالز کے اوقات کار اور آتش بازی کے ایشوز پر میرج ہا لز مالکان سے میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفرآباد عاصم خالد اعوان‘ اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عفت اعظم، اسٹیٹ آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفرآبادانجم بلال، ڈی ایس پی مظفرآباد چوہدری محمدامین‘ رائل کانٹینٹل ہوٹل کے ابرار احمد بٹ،کنگڈم ہوٹل کے جہانگیر اعوان اورراجہ عثما ن نے شرکت کی۔

میٹنگ میں تمام شرکاء کو ہوٹلز ٹائمنگ،ہوٹلز پارکنگ،آتش بازی،فائرنگ کی شکایات کے حوالہ سے آگاہ کیا گیا اور شکایات کے تدارک کیلئے فوری عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے ہوٹلز مالکان کو بتایاکہ شادی،بیا ہ کے دوران آتش بازی،فائرنگ کی پابندی لازمی ہے اورمقررہ وقت کے اندر ہوٹلز مالکان ہوٹلز بند کرنے کے پابند ہو ں گے۔

اس کے علاوہ دوران شادی کی تقریبات ٹریفک پارکنگ ایک بڑا مسئلہ ہے جس کو حل کرنا ضروری ہے۔ہوٹلوں کے سامنے لوڈرز ٹرک اور مزدہ وغیرہ کھڑے کر دیئے جاتے ہیں جس وجہ سے عام ٹریفک کی روانی میں بھی مسائل ہوتے ہیں۔ایسے ٹرک /گاڑیاں جو بدوں اجازت کھڑی کی جاتی ہیں ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔میٹنگ میںجملہ مالکان میرج ھالز کو پابند کیا گیا کہ رات 11بجے کے بعد کھلے رہنے والے ہوٹلز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور آتش بازی /ہوائی فائزنگ پر دفعہ 144نافذہے۔اگر کسی بھی میرج ھال یا ہوٹل نے شادی /فنکشن کے دوران اگر اس کی خلاف ورزی ہوئی تو اس کے خلاف دفعہ 144کی کی خلاف ورزی کی کاروائی کے علاوہ ہوٹل /میرج ہال کے مالکان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔