سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 19 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روک دی

جمعہ 5 جولائی 2019 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2019ء) سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 19 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روک دی ہے۔ شاہ زین بگٹی کی درخواست پر پولنگ روکی گئی ہے۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جمعہ کو کیس کی سماعت کی۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کیا یہ کیس دو رکنی بینچ سن سکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن معاملات تین رکنی بینچ ہی سن سکتا ہے۔

درخواست گزار نے انتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں، کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دوبارہ پولنگ ہو سکتی ہے۔ مخالف فریق طارق کھیتران کے وکیل عامر رانا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 29 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے لئے شیڈول جاری ہو چکا ہے، آئندہ ہفتے پولنگ ہونی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ درخواست غیر موثر ہو جائے۔

شاہ زین بگٹی کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت ان کے موکل کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، بحالی نہ ہوئی تو یہ حلقہ نمائندگی کے بغیر رہے گا۔ شاہ زین نے 1221 ووٹوں سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ مخالف فریق کی بات مان بھی لی جائے تو بات صرف 100 ووٹوں کی رہ جاتی ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائے گا۔ عدالت گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد اس مقدمے کی سماعت کر کے فیصلہ کرے گی۔