کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد کو جبر اور فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا،

کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں بچے، بوڑھے اور نوجوان بینائی جیسی قیمتی نعمت سے محروم ہو چکے ہیں ,عالی برادری کو اس بہیمانہ فعل کا نوٹس لینا چاہیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا یوم شہداء کشمیر پر پیغام

ہفتہ 13 جولائی 2019 20:50

کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد کو جبر اور فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد کو جبر اور فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں بچے، بوڑھے اور نوجوان بینائی جیسی قیمتی نعمت سے محروم ہو چکے ہیں عالی برادری کو اس بہیمانہ فعل کا نوٹس لینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کیا۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین کی نگرانی میں آزادانہ و شفاف رائے شماری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا پر امن وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے اپنی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ اسپیکر نے خطے میں امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آواز اور جدوجہد کو فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا نہ ہی انسانی حقوق کو پامال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچانے کے لیے جنگ و جدل کی سوچ کو ترک کر کہ ایک میز پر بیٹھنے کر مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے سوچ بیچار کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک کو اس وقت بے شمار چیلینجز کا سامنا ہے جس میں معیشت کی مضبوطی غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ شامل ہے جن کے لیے اجتماعی کوششیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت تشدد اور جبر کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچلنا چاہتی ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے اور کشمیریوں کی شہادتوں پر عالمی برادری کی خاموشی لمہ فکریہ ہے۔اسپیکر نے مزید کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کیلئے آمادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کی یہ تحریک آزادی کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں کامیاب ہوگی۔