Live Updates

عمران خان کی حکومت آئی نہیں بلکہ لائی گئی ہے اور جو لوگ اس حکومت کو لائے ہیں وہ بھی پریشان ہیں، سنیٹرسراج الحق

موجودہ حکومتیں نالائقوں اور نااہلوں کی حکومت ہے ، وزیر اعظم عمران خان امریکہ پہنچ چکے ہیں ، ان کو امریکہ جانے سے قبل عوام کو اپنی پالیسی کے بارے میں اعتماد میں لینا چاہیئے تھا ،امیرجماعت اسلامی کاکارکنان جمعیت کی تربیت گاہ سے خطاب

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:28

عمران خان کی حکومت آئی نہیں بلکہ لائی گئی ہے اور جو لوگ اس حکومت کو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت آئی نہیں بلکہ لائی گئی ہے اور جو لوگ اس حکومت کو لائے ہیں وہ بھی پریشان ہیں ۔ایک سال کے اندر تو نومولود بچہ بھی چلنے کے قابل ہوجاتا ہے لیکن یہ حکومت ابھی تک اپنے سہارے پر چلنے کے قابل تک نہیں ہوئی ہے ۔

موجودہ حکومتیں نالائقوں اور نااہلوں کی حکومت ہے ، وزیر اعظم عمران خان امریکہ پہنچ چکے ہیں ، ان کو امریکہ جانے سے قبل عوام کو اپنی پالیسی کے بارے میں اعتماد میں لینا چاہیئے تھا اور بتانا چاہیے تھا کہ ان کا امریکہ میں ایجنڈا کیا ہے ۔آج ملک کے اندر قادیانیوں کے لیے جگہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ سے قادیانی رہنما کی ملاقات اچانک نہیں ہوئی ایک منصوبے کے تحت ہوئی ہے،اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان حقیقی معنوں میں تحریک اسلامی کا دست و بازو ہیں، اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان اسلامی وخوشحال اور ایک روشن و تعلیم یافتہ پاکستان بنانے کا عزم اور جدوجہد کریں ،فتح اور کامیابی ضرور ملے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو رضوان مسجد فیڈرل بی ایریا میں اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے کارکنان کی دوروزہ ’’تربیت گاہ ‘‘ کے پہلے دن خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی عمر خان ودیگر بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت پرویز مشرف ، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کی حکومت سے بالکل مختلف نہیں ہے ۔ آئی ایم ایف کے قرضوں کے بارے میں ان کی پالیسی وہی ہے جوماضی کے حکمرانوں کی تھی وہ بھی امریکہ کے سامنے جھکنے والے تھے اور یہ بھی امریکہ کے سامنے جھک رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں میں کوئی فرق نہیں ہے ، ان کی معاشی ،سیاسی ، تعلیمی اور دیگرپالیسیاں اور طرز عمل ماضی کی حکومتوں کی طرح ہی ہے۔

ماضی میں عوام پریشان اور بد حال تھے اور غریب عوام آج بھی بدحال اور پریشان ہیں اور موجودہ حکومت نے تو عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے اور عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے رہنماؤں کی رہائی کی باتیں کرتے ہیں لیکن ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کے عوام کو رہا کرو ،اپوزیشن جماعتوں کا مسئلہ ان کی قیادت کی رہائی ہے ، ہم عوام کے مسائل کی بات کرتے ہیں اور عوام کے اصل اور حقیقی ترجمان ہیں اسی لیے ہمارے اور اپوزیشن کے بیانیے میں فرق ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان حقیقی معنوں میں تحریک اسلامی کا دست و بازو ہیںاور ان نوجوانوں نے دین اسلام کو شعوری طور پر اختیار کیا ہے ،اللہ اور اس کے رسول ؐ کی محبت اور دین کی دعوت کی بنیاد پر قائم اجتماعیت سے وابستہ ہیں،یہ نوجوان صرف نعرے لگانے والے نہیں بلکہ دلیل کے ساتھ بات کرنے والے داعی الی اللہ اور مجاہد فی سبیل اللہ ہیں ،دلیل اور کردار کی قوت سے ہی دنیا کو مسخر کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں انسانوں کی رہنمائی اور ہدایات کے لیے انبیاء کرام ؑ بھیجے اور نبی کریم ؐخاتم النبیین اور رحمت للعالمین بن کر آئے اور انسانوں کو توحید اور رب کی بندگی کی دعوت دی ،اللہ کے دین کو قائم اور نافذ کیا ۔نبی کریم ؐ کے بعد یہ ذمہ داری پوری امت مسلمہ پر عائد ہوتی ہے اور ہم وہ خوش قسمت ہیں جو اقامت دین اور تحریک کا حصہ ہیں۔

ہماری تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی ،ہمیں اس تحریک سے زندگی کے آخری سانس تک وابستہ رہنا ہے اور عوام الناس کو بھی اس تحریک اور جدوجہد میں شامل کرنا ہے ،ایک داعی الی اللہ کی حیثیت سے اللہ کے دین کی دعوت عام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مصر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک صدر کو عوام نے منتخب کیا لیکن امریکہ اور اس کے حواریوں نے عوام کے اس فیصلے کو قبول نہیں کیا ،مرسی کو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں اور بالآخر انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔

دنیا بھر کے سات براعظموں میں ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ، ان کی زندگی کا مقصد اور نصب العین صرف اللہ کے دین کی سربلندی تھا اور انہوںنے زندگی کی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی ۔اللہ کے دین کی سربلندی اور رضائے الہیٰ کا حصول ہی ہمارا نصب العین اورمقصد ہے اور یہ پوری زندگی کا نصب العین ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کو ایسا کردار اپنانا چاہیئے جن پر والدین ،اساتذہ اور ان کے اہل محلہ بھی فخر کریں، جمعیت کے نوجوانوں کو اقبال کے شاہینوں کا کردار ادا کرنا ہے ،ملک کی سیاسی ، معاشی اور تعلیمی صورتحال جو ہر پہلو سے مایوس کن ہے اس صورتحال میں اسلامی جمعیت طلبہ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔

جمعیت کے نوجوانوں کو تعلیمی اداروں میں اور تعلیمی اداروں کے باہر نوجوانوں کو بیدار کرنا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات