Live Updates

لوٹ مار کا دور ختم ہو چکا ، ترقی کا سفر شروع ہوگیا‘مخدوم زین حسین قریشی

اتوار 21 جولائی 2019 20:20

ملتان ۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی تقدیر بدلنے کا عزم کرچکے ہیں۔ ان کا ماضی گواہ ہے جس چیز کا انہوں نے عزم کیا وہ کر کے دکھایا‘ لوٹ مار کا دور ختم ہو چکا ہے‘ ترقی کا سفر شروع ہوگیا ہے جو اب رک نہیں سکتا‘ ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

الیکشن مہم کے دوران عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ عوام سے جو وعدے کئے وہ پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قاسم پور کالونی نہر تا سورج کنڈ روڈ سڑک کی تعمیر و مرمت کی کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ سڑک 8کلو میٹر طویل ہے جو 6 ماہ کے عرصے میں مکمل کئی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار ‘ رانا محمد افضل ‘ محسن جنجوعہ ‘ رانا ندیم ‘ وحید روانی ‘ چودھری ارشد ارائیں‘ چودھری مقبول ارائیں ‘ ملک مشتاق تھہیم اور پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

انہوں نے کہا ماضی میں اس خطے کو پسماندہ رکھا گیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار جو اس خطے سے تعلق رکھتے ہیں انہیں یہا ں کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے ۔ اسی لیے وہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ماضی میں یہاں کے فنڈز دوسرے اضلاع میں منتقل کئے گئے۔ اب ایسا نہیں ہوگا۔ جنوبی پنجاب میں صحت ‘ تعلیم ‘ سڑکوں ‘ بجلی ‘سوئی گیس ودیگر ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ترقیاتی کامو ںکا جال بچھایا جائے گا۔

ماضی کے حکمرانوں نے عوامی ترقی کی بجائے اپنی جیبیں اور کمیشن لینے پر توجہ دی ۔ ہمارے دور میں ایسا نہیں ہوگا۔ تمام وسائل عوامی ترقی پر صرف ہونگے۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قبل ازیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا ۔ مختلف شخصیات کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ۔ مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور مختلف استقبالیہ تقریبات میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات