Live Updates

اٹک، 22 کروڑ پاکستانی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے پر عزم ہیں، میجر (ر) طاہر صادق

پیر 5 اگست 2019 21:13

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2019ء) 22 کروڑ پاکستانی عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے پر عزم ہیں۔ پاکستانی فوج ملک کی حفاظت کے لئے ہر دم تیار ہے۔ دشمن کی جارحیت کی ہرکوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وطنِ عزیز کی حفاظت کے لئے ہماری تاریخ بے مثال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ ہمارے فوجی جوان ہمیشہ شہادت کے جذبے سے سرشار ملک کی حفاظت کے لئے ہرلمحہ تیار رہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایم این اے این اے 55 و سابق ضلع ناظم میجر (ر) طاہر صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم پاکستان کے حالیہ کامیاب دورہ امریکہ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی پیشکش کے بعد ہندوستان حواس باختہ ہو کر مسئلہ کشمیر سے اقوامِ عالم کی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کررہا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اب ناگزیر ہے، کشمیر میں مظالم کی انتہا ء ہو چکی ہے، ایل او سی پر حالیہ کلسٹر بموں کے استعمال سے ہندوستان کا بھیانک چہرہ مزید بے نقاب ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود تحریک آزادی کشمیر دن بدن مزیدزور پکڑ رہی ہے۔ عالمی طاقتیں وزیراعظم عمران خان کی عالمی فورمز پر موثر طریقے سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کے نتیجہ میں ہمارے موقف کو بہتر انداز میں سمجھ رہی ہیں۔ بھارت ظلم و استبداد کے باجود کشمیر کی تحریکِ آزادی کو دبا نہیں سکتاہے۔ مجھے یقین ہے کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات