Live Updates

”اگرآج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا“:وزیر اعظم آزاد کشمیر نے خبردار کر دیا

راجہ فاروق حیدر نے اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ کشمیری پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں، اُن کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 اگست 2019 16:56

”اگرآج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا“:وزیر اعظم ..
مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اگست2019ء) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے پاکستانی قوم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گِر گیا تو بھارتی سامراج کا اگلا ہدف پاکستان ہو گا۔ یہ بات انہوں نے آج پاکستان کے یوم آزادی پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔

کشمیریوں نے بہت پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ اُن کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ اُن کی جدوجہد آزادی ابھی جاری ہے۔ بھارت نے جو اقدامات کیے ہیں اس سے دو طرفہ معاہدے ختم ہو گئے۔ آزاد کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بفر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کی آزادی کے سفر کو 72 نہیں 500 سال ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

1832 میں گلاب سنگھ نے کشمیر کے مسلمانوں کو بے انتہا ظلم و ستم کا نشانہ بنایا۔

جس دوران ڈھائی لاکھ افراد کا قتل عام کیا گیاجس کے باعث 40 ہزار کشمیریوں نے اپنی جان بچانے کے لیے پنجاب اور دیگر علاقوں میں پناہ لی۔ 1989 کے بعد سے اب تک ظالم اور قابض بھارتی افواج نے ایک لاکھ کشمیریوں کو قتل کیا ہے۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم اسمبلی میں ایل او سی کو ختم کر کے اسے سیز فائر لائن قرار دینے کی قرارداد لائیں گے، ہماراآئین، پرچم اور قومی ترانہ الگ ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور ہٹلر کا سلیوٹ کرنے کا انداز ایک جیسا ہے، ان کے اقدامات میں بھی کوئی فرق نہیں اس تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر راجہ فاروق حیدر نے عمران خان سے درخواست کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالیہ بحران کے باعث پیدا ہونے والی دواؤں اور خوراک کی کمی کے سنگین مسئلے پر بھی دُنیا بھر میں آواز اُٹھائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات