عمران صاحب ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں‘ مسلم لیگ (ن)

عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھارہے ہیں، 45لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ،15لاکھ بے روزگار ہوگئے ملک کی ترقی 6سے 3، مہنگائی 3 سے 10فیصد ہو گی ،گیس اور بجلی کے نرخوں میں بالترتیب200 اور35فیصد اضافہ کیا ‘ مریم اورنگزیب

جمعہ 16 اگست 2019 13:18

عمران صاحب ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں‘ مسلم لیگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے ایک سال میں تمام قومی کامیابیوں کو بدترین ناکامیوں میں بدل دیا۔ عمران صاحب 18اگست کواپنی نالائقی اورنااہلی پر جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مرغیاں بانٹی ہیں، ایک سال ہوگیا، عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھارہے ہیں، آپ نے تو ایک کروڑ نوکریاںاور پچاس لاکھ گھر دینے تھے لیکن آپ نے تو روٹی، کاروباراورروزگاربھی چھین لیا۔ ایک سال میں صرف آپ کا محل پکا ہوا اور آئی ایم ایف کی ٹیم کو نوکری ملی ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال میں 45لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے اور 15لاکھ بے روزگار ہوگئے ہیں، ایک سال میں روپے کی قیمت میں 33فیصد تاریخی کمی سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوا ،آپ کی نالائقی نے ایک سال میں ملک کی ترقی 6سے 3فیصد اور مہنگائی کی شرح 3 فیصدسے 10فیصد کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ٹیکس وصولی میں 600 ارب کا تاریخی خسارہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان خطے کے سستے ترین ملک سے دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیاہے۔ایک سال میں آپ نے 73 سالہ تاریخ میں 7ہزار ارب قرض اضافہ کرکے نااہلی کا نیا ریکارڈ قائم کیا، ایک سال میں گیس کے نرخوں میں 200فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35فیصد اضافہ کیاگیا جبکہ بیرون ملک سرمایہ کاری میں 50فیصد کمی ہوئی جو 10سال کی کم ترین سطح پر ہے۔