Live Updates

بھارت کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف جارحیت کر سکتا ہے. شاہ محمود قریشی

زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے بھارت پلوامہ جیسی نام نہاد کارروائی کر سکتا ہے . میجر جنرل آصف غفور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 17 اگست 2019 13:47

بھارت کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف جارحیت کر سکتا ہے. شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اگست۔2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو چونکا دیا ہے،انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف جارحیت کر سکتا ہے جس کے بارے میں بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر رہے ہیں اور قوم مکمل طور پر جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں.

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے آج یکجہتی کا پیغام دیا ہے اور اس میں تمام اراکین کا کردار سامنے آیا ہے‘شاہ محمود قریشی نے سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 5 دہائیوں بعد اس معاملے کو اٹھایا گیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا ذکر کیا گیا جو بہت ہی حوصلہ افزا نشست تھے‘شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی بھرپور کوشش کے بعد یہ پاکستان کی کامیابی ہے.

انہوں نے کشمیر کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اجلاس میں گزشتہ روز کے ایک بہت بڑے ایونٹ کا ذکر ہوا جس سے بھارت چونک گیا ہے‘ اجلاس کے دوران ہماری قانونی اور سفارتی حکمت عملی مرتب کرنے پر بات چیت ہوئی ہے جس میں تمام اراکین نے مفید مشورے دیے ہیں. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہمیں ہندوستان سے آوازیں آرہی ہیں کہ مودی نے نہرو کے بھارت کو دفن کردیا اور ایسا ہی بھارت دکھائی دے رہا ہے‘انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بھارت ایک ڈاکٹرائن پر عمل کر رہا ہے جس کے تین کردار ہیں جن میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ہیں.

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر پاکستان کی دیگر عالمی طاقتوں سے روابط نہیں ہوتے تو اجلاس منعقد نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ بھارت نے اجلاس منعقد نہ ہونے کے لیے سر توڑ کوششیں کیں اور کیا کیا کہا ہے وہ اس وقت بتانے کا وقت نہیں ہے. پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی بھی طرح کی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو قوم کی مدد سے پاک فوج منہ توڑ جواب دے گی.

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت پلوامہ جیسی ایک نام نہاد کارروائی کر سکتا ہے جس کو جواز بناتے ہوئے وہ پاکستان پر مہم جوئی کرے‘انہوں نے کہا کہ پلوامہ جیسے حملے پاکستان اور کشمیر کے ساتھ غداری ہوگی اور پاکستان ایسے حملوں کا متحمل نہیں ہوسکتا. ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ آج کسی زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے، اس پر دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے.

قبل ازیں وزارت خزانہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس منعقد ہوا‘وزیر اعظم کی ہدایت پر بنائی گئی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزی سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا. اجلاس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے برائے امور خارجہ کے چیئرمین مشاہد حسین سید، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سید فخر امام، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، ممبران خصوصی کمیٹی، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر سول و عسکری قیادت شریک ہوئی.

اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدام اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت کی گئی. اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے سیکورٹی کونسل کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس اور اس کے ثمرات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی. واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس خصوصی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات