محرم الحرام ہمیں صبر،برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی

منگل 27 اگست 2019 17:02

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2019ء) صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پرفیشنل ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبر،برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیں مشترکہ کوششوں سے ناکام بنانا ہے پاکستان ہے تو ہم سب ہیں حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاؤ س خانیوال میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی سید علی عباس شاہ، شاہدہ احمد حیات، ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈی پی او عمر سعید ملک بھی موجود تھے جبکہ اجلاس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی سمیت چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر سرکاری افسران نے بھی شرکت کی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید علی عباس شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال ہم سب کا مشترکہ ضلع ہے ماضی کی طرح اس بار بھی اہالیان ضلع اور ممبران امن کمیٹی کے تعاون سے امن کی فضاء برقراررکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

عاشورہ محرم کے دوران تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ایم پی اے شاہدہ احمد حیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور دشمن کو مشترکہ حکمت عملی وکوششوں سے ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، ممبران امن کمیٹی اور شہریوں کے تعاون سے اس بار بھی ضلع میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھی جائے گی انہوں نے کہا کہ کسی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی امن و امان کی صورت حال کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے لائسنس داران جلوسوں کے مقرہ روٹس کی پابندی کو بھی یقینی بنائیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سعید ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے خانیوال کو امن کا گہوارہ برقرار رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کور کمیٹی کے ساتھ جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کر کے سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اجلاس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی ترقی و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔