Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اقتصادی ٹیم کا اجلاس

موجودہ اقتصادی صورتحال، کاروباری ماحول، برآمدات میں اضافے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم کرنے اور معیشت کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 30 اگست 2019 22:22

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اقتصادی ٹیم کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2019ء) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں جمعہ کو پی ایم آفس میں اقتصادی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات مخدوم خسرو بختیار، وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، ادارہ جاتی اصلاحات کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجودہ اقتصادی صورتحال، کاروباری ماحول، برآمدات میں اضافے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم کرنے اور معیشت کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مشاہدہ میں آیا کہ رواں مالی سال جولائی 2019ء سے مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں، برآمدات میں اضافہ جبکہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ 31 فیصد کمی ہوئی جبکہ یہ بھی توقع ظاہر کی کہ یکم ستمبر 2019ء کو تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔

عالمی مالیاتی اداروں بالخصوص ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بجٹ میں دی جانے والی سپورٹ بحال ہوئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکنک نے زراعت، پانی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کے 579 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے جس میں کراچی کے لئے ماس ٹرانزٹ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاشی استحکام اور ترقی کے لئے تاجر برادری کے ساتھ بات چیت کے عمل کو بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ ملک میں ایسے انٹرپرائزز پھل پھول سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات