جیکب آباد، جماعت اسلامی پاکستان کے 78 ویں یوم تاسیس کی نسبت سے تقریب کا اہتمام

جمعہ 30 اگست 2019 23:50

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2019ء) جماعت اسلامی جیکب آباد کے تحت جماعت اسلامی پاکستان کا 78 ویں یوم تاسیس کی نسبت سے المرکز ہال میں ایک سادہ و پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد دیدار علی لاشاری نے کہا کہ مولانا ابو الاعلی مودودی رحہ کی محنت و کاوشوں سے صرف 75 سعید روح شخصیات کی قائم کردہ ایک چھوٹی سی تنظیم آج ایک تناور درخت کی مانند جاندار تحریک کا روپ دھار چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت عالم اسلام لینن اور مارکس اور سرخ انقلاب کے فتنے کے زد میں تھا لیکن مولانا رحہ کی اس تحریک نے ان کا نہ صرف راستہ روکا بلکہ عوام الناس کے ہر طبقہ میں چاہے وہ کسان ہو۔

(جاری ہے)

مزدور ہو، طالب العلم ہو، محقق و مدبر ہو یا پھر خواتین ہوں الغرض صحیح و درست معنی سب کے سامنے اسلام کو سادہ و پر کشش انداز میں اس طرح پیش کیا کہ عوام الناس کمیونزم، سوشلزم اور سرمایہ دارانہ نظام کے فتنوں کو جان گئے۔

دیدار لاشاری نے کہا کہ شروع شروع میں جب میڈیا طاقتور نہ تھا تو ان چند شخصیات نے لٹریچر کے ذریعے سے لوگوں کو جماعت اسلامی سے روشناس کروایا لیکن اب لٹریچر کی نہیں بلکہ ہم میں سے ہر ایک کے کردار اور عمل کو دیکھ لوگ جماعت سے وابستہ ہو سکتے ہیں اس لیے ہمیں اپنے کردار کو درست کرنا چاہیے۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی شہر محمد صالح,نائب امراء محمد حنیف کھوسہ،عبدالصمد کٹبار،قیم شہر ھدایت اللہ رند۔قیم ضلع صادق ملغانی،عبدالحفیظ، عمر سھاگ ،سابق امیر شہر انجینئر اعجاز میمن کے علاوہ دیگر ذمیداران بھی موجود تھے۔