یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کااظہار ، اجلاس میں ارکان کی بھارت پر شدید تنقید اور مذمت ، ارکان کا مودی سرکار سے فوراً کرفیو ہٹانے کا مطالبہ ،یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے ارکان کابھارت پر پاکستان سے فوری مذاکرات کا آغاز کرنے پر زور

مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں بڑاانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، عالمی برادری نے کشمیریوں کی آواز سننا شروع کر دی ہے ،راجہ فاروق حیدر وزیر اعظم آزاد کشمیر کی برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 3 ستمبر 2019 01:05

یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کااظہار ..
برسلز ۔ 2 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2019ء) یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے اجلاس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تشویشناک قرار دے دیا۔ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت پاکستان سے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرے۔ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود بیلجیئم کے شہر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ارکان نے مودی سرکار سے فوراً کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور مودی انتظامیہ کے رویے کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھارت پاکستان سے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرے جبکہ اراکین نے کہا کہ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر فوری رد عمل ظاہر کریں۔

(جاری ہے)

بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک اور سفارتی ناکامی ہے۔ انسانی حقوق کمیٹی کی چیئرپرسن ماریہ ایرینا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت خراب ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہنگامی دورے پر برسلز پہنچے تھے جہاں انہوں نے یورپی یونین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی تھی تاہم ان کے کچھ ہاتھ نہ آیا اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 29 روز سے مسلسل لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مقبوضہ وادی میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ لاک ڈاؤن سے بچوں کے دودھ، جان بچانے والی ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت ہوگئی ہے جبکہ مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سرود مکمل طور پر بند ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو ایک بڑاانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

پیر کو برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہادر کشمیریوں کی دلیرانہ جدوجہد جاری ہے، عالمی برادری نے کشمیریوں کی آواز سننا شروع کر دی ہے۔ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے یورپی یونین اجلاس کا پہلا سیشن تھا، کشمیر کے حوالے سے یورپی یونین کا اجلاس ہماری بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو ایک بڑاانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے