Live Updates

کرپشن کرنے والے ملکی معیشت نہیں بلکہ ریڈ زون میں ہیں، ہمایوں اختر خان

منگل 3 ستمبر 2019 15:35

لاہور۔3 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والیملکی معیشت نہیں بلکہ ریڈ زون میں ہیں، مولانا فضل الرحمان عام انتخابات میں اپنی اور اتحادیوں کی شکست کو بھلا نہیں سکے اوروہ دن بھی دور نہیں جب عوام کرپشن اور لوٹ مار کرنے پر ان کا محاسبہ بھی کریں گے، موجودہ حکومت کی کشمیر پر گومگو کی نہیں بلکہ دو ٹوک اور واضح پالیسی ہے، بھارت کا ظلم مٹنے والا ہے اور کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں اور ان کے حواریوں نے قومی خزانے میں کئی اطراف سے نقب لگا رکھی تھی جسے موجودہ حکومت نے مکمل بند کر دیا ہے، سابقہ ادوار میں حکومتوں کے پہلے سال میں کرپشن کی ہوشربا کہانیاں سامنے آ چکی ہوتی تھیں لیکن وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کی وجہ سے حکومتی سطح پر کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا اور یہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں حکمرانوں کی جیبیں نہیں بھری جائیں گی بلکہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ان کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے ناقص پالیسیوں کا نفاذ کیا جس کی وجہ سے متعدد قومی ادارے سالانہ اربوں روپے کا نقصان اٹھا رہے ہیں، موجودہ حکومت اصلاحات کے ساتھ نجکاری کیلئے بھی عمل پیرا ہے جس سے ہر سال اربوں روپے بچائے جا سکیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن دھمکیاں دینے کی بجائے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرے کیونکہ سیاست کیلئے بہت وقت پڑا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات