سعودی عرب نے معاشی ترقی کی نئی منازل طے کر لیں

ساما کی رپورٹ کے مطابق 2018ء میں قومی پیداوار میں 2.4 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ بجٹ خسارہ گھٹ کر 174 ارب ریال رہ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 ستمبر 2019 12:06

سعودی عرب نے معاشی ترقی کی نئی منازل طے کر لیں
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،5ستمبر، 2019 ء) سعودی عرب معاشرتی ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے نے سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی (ساما) کے حوالے سے بتایا ہے کہ ساما کی جانب سے 2018ء کی سالانہ رپورٹ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پیش کر دی ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان ،گورنرساما ڈاکٹر احمد بن عبدالکریم الخلیفی اور سیکریٹریز بھی موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 2018ء میں بیشتر شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ اس سال کے دوران قومی پیداوار میں 2.4 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ قومی بجٹ کا خسارہ 238 ارب ریال سے گھٹ کر 174 ارب ریال رہ گیا۔2018ء میں تیل کی قومی پیداوار میں 3.1 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی پیداوار میں 2.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

نرخوں میں استحکام رہ جبکہ افراطِ زر 2.5 فیصد تک سمٹی رہی۔

تیل کے علاوہ دیگر برآمدات میں 22 فیصد اضافے کے باعث قومی خزانے کو 236 ارب ریال کی آمدنی ہوئی۔ ادائیگیوں کے توازن میں بھی بہت زیادہ بہتری نظر آئی۔ حقیقی قومی آمدنی میں 31 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ قومی مجموعی پیداوار کا خسارہ 5.9 فیصد پر آ گیا جو کہ 2017ء میں 9.3 فیصد تھا۔ حالانکہ ریاستی اخراجات میں اضافہ کیا گیا۔ مگر پھر بھی قومی بجٹ کے خسارے میں کمی بہت حوصلہ افزا ہے۔

یہ سب کچھ ساما کی بہترین معاشی پالیسیوں کے باعث ممکن ہو پایا۔ کیونکہ ساما نے کرنسی نرخ مستحکم رکھنے اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ضروری نقدی کی فراہمی جاری رکھی۔ سعودی عرب میں گزشتہ سال کے دوران تجارتی بینکوں کے مجموعی اثاثوں میں 2.0فیصد کا اضافہ ہوا جس کے باعث بینکنگ سیکٹر کو 2398 ارب مزید حاصل ہوئے۔