Live Updates

پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے عوامی مسائل کا حل ناگزیر ہے جو مضبوط بلدیاتی حکومتوں کے قیام کے بغیر ناممکن ہے، سید مصطفی کمال

ہفتہ 14 ستمبر 2019 21:16

پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے عوامی مسائل کا حل ناگزیر ہے جو مضبوط بلدیاتی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے عوامی مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ جو مضبوط بلدیاتی حکومتوں کے قیام کے بغیر ناممکن ہے۔ اس لیے اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کے بجائے اس میں مزید ترمیم کی ضرورت ہے۔ جو اختیارات وفاق سے صوبوں کو ملے ہیں انہیں مزید نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوگا۔

جس طرح آئین میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے پورے باب موجود ہیں جن میں انکے اختیارات، وسائل اور کام کا دائرہ کار طے کیا گیا ہے بالکل اسی طرح بلدیاتی حکومتوں کے حوالے سے بھی ایک باب ہونا چاہیے تاکہ بلدیاتی حکومتوں کا قیام خود بخود عمل میں آئے جیسے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا قیام عمل میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے دورے کے دوران مختلف مقامات پر پارٹی ذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس موقع پر مختلف ٹان کمیٹی کے ذمے داران سے علاقے کے مسائل سنے اور پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے والے نئے کارکنان سے ملاقات کی۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد پی ایف سی ایوارڈ جاری نہیں کیا جاتا جسے آئین میں ایک دوسرے سے مشروط ہونا چاہیے۔ ملک کے تمام بڑے شہروں کے مسائل کا واحد حل یہی ہے جو ممالک ترقی یافتہ ہیں انہوں نے برسوں پہلے یہ تمام اصلاحات کر لی تھیں۔

بالخصوص کراچی اور دیگر بڑے شہروں کی عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے اور ایک لاوا پک رہا ہے۔ آرٹیکل 149 اے کے بجائے وفاقی وزیر فروغ نسیم کو چاہیے وہ میڈیا کی موجودگی میں وزیراعظم عمران خان کو لے کر وزیر اعلی سندھ کے پاس آئیں اور کراچی کا مقدمہ لڑیں تاکہ کراچی کی عوام بھی وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہو بغیر بات چیت کے آرٹیکل 149 اے کے نفاذ سے پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ کھیلنے اور لسانیت کی آگ بھڑکانے کا موقع مل جائے گا جسے پچھلے 3 سالوں کی انتھک محنت سے پی ایس پی کی قیادت اور کارکنوں نے بجھا دیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات