شدید بارشوں نے دو مینڈکوں کی طلاق کرادی

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 14 ستمبر 2019 23:48

شدید بارشوں نے دو مینڈکوں کی طلاق کرادی

اس سال جولائی کے مہینے میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے توہم پرست ہندوؤں نے بارشوں  کی کمی کی وجہ سے  بارش کے دیوتا، اندرا،  کو خوش کرنے کےلیے دو مینڈکوں کی شادی کرائی تھی تاہم  اب شدید بارشوں سے آنے والی تباہی کے بعد انہوں نے دونوں مینڈکوں کی طلاق بھی کرا دی  ہے۔بھوپال میں مینڈکوں کی طلاق کے لیے باقاعدہ ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔


بدھ  کی شام کو اندراپوری کے علاقے کے اوم شیو سیوا شکتی منڈل کے اراکین نے مینڈکوں کی طلاق کی تقریب منعقد کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سریش اگروال کا کہنا تھا کہ انہوں نے  صوبے میں  بارشیں برسانے کے لیے مٹی سے بنائے گئے دو مینڈکوں کی شادی کی  لیکن اب بارشیں بہت زیادہ ہو گئی ہیں،بارشوں کو روکنے کے لیے مینڈکوں کو الگ کیا جا رہا ہے۔


مینڈکوں کی طلاق کی تقریب میں مٹی کے بنے مینڈکوں کو پانی سے بھرے برتن میں چھوڑ دیا گیا۔
بارشوں سے مدھیہ پردیش میں 9 ہزار سے زیادہ گھر متاثر ہوئے ہیں۔ 213 گھر گر گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے میں شدید بارشوں کے لیے تازہ ریڈ اور اورنج الرٹ بھی جاری کیا ہے۔
بھارت میں مینڈکوں کی شادی عام بات ہے۔ بارش کے دیوتا کو خوش کرنے کی اس رسم کو منڈوکا پارینایا کہا جاتا ہے۔