Live Updates

حکومت پنجاب عوامی شکایات دور کرنے کیلئے کوئی سستی برداشت نہیں کرے گی‘راجہ راشد حفیظ

وزیر اعظم عمران خان کسی ذاتی لالچ ، نمود و نمائش اور دکھلاوے کے بغیر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں

اتوار 15 ستمبر 2019 13:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے واسا ، سینی ٹیشن اور البائرک سے متعلقہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ حکام کو کاروائی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں بنیادی ضروریات و سہولیات سے متعلق عوامی شکایات دور کرنے کے لئے کسی سستی ، فرائض سے غفلت اور لوگوں سے بے اعتنائی برتنے جیسے امور برداشت نہیں کرے گی ۔

وزیر اعلی پنجاب نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، صحت عامہ کی بہتری کیلئے صفائی سمیت دیگر اقدامات اور ڈینگی سے بچائو اور علاج معالجے کیلئے پورے وسائل بروئے کار لاکر لوگوں کی زندگی میں سہولیات پیدا کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں اور ان کے اوپر عمل درآمد میں کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ۔

(جاری ہے)

ان سہولیات کی فراہمی میں وسائل یا فنی رکاوٹوں کو فوری دور کرنا حکومت کا کام ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیو کٹاریاں یوسی 14 راولپنڈی میں لگائی جانے والی کھلی کچہری کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ کھلی کچہری میں واسا ، سینی ٹیشن اور البائرک کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ اہل علاقہ نے صوبائی وزیر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں تعطل ، عدم صفا-ئی اور گلیوں کی مرمت بارے اپنی شکایات سے آگاہ کیا ۔ راجہ راشد حفیظ نے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ان عوامی مسائل پر فوری توجہ دیں اور انہیں حل کریں ۔

جہاں کہیں کوئی فنی یا وسائل کی رکاوٹ پیش آتی ہے تو اس کے ازالے کیلئے مجھے بتایا جائے تاکہ اس رکاوٹ کو دور کیا جائے ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والے پیسے ان ہی کی بہبود پر لگائے جا رہے ہیں اور ماضی کے برعکس اب ان وسائل میں کوئی حکومتی عہدیدار یا سرکاری اہل کار ساجھی نہیں رہا ۔ ہم ملک کو ریاست مدینہ بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے واسا کے دفتر میں بلائے گئے ایک ہنگامی اجلاس میں واسا حکام کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی عوام کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کریں ۔واسا کے ذمہ دار افسر فلٹریشن پلانٹس کا ہر ماہ باقاعدگی سے دورہ کریں اور پانی کے معیار کو چیک کیا جائے ۔ علاوہ ازیں جہاں ضرورت ہو وہاں نئی پائپ لائن ڈالی جائے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار لائینوں کو درست کیا جائے ۔

صوبائی وزیر نے وارث خان میں معروف سماجی و سیاسی راہنماء شیخ آصف کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ناشتے میں بھی شرکت کی اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کسی ذاتی لالچ ، نمود و نمائش اور دکھلاوے کے بغیر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ہم سب اس عمل میں ان کے دست و بازو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی اور انتہائی تیزی کے ساتھ اپنی گرتی ہوئی سیاسی مقبولیت سے پریشان بلاول زرداری نے سندھو دیش کی بات کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے ۔یہ لوگ اپنی مفادات کیلئے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔ انہوں نے شیخ آصف اور اہل علاقہ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات