کوہاٹ ، پولیس تھانہ شکردرہ نے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

موٹر سائیکل کی سیٹ سے بڑی تعداد میںاسلحہ وایمونیشن برآمد کرکے ہتھیاروں کے بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا

منگل 17 ستمبر 2019 23:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) کوہاٹ کے پولیس تھانہ شکردرہ نے غیر قانونی اسلحے کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔ چیکنگ کی کارروائی کے دوران موٹر سائیکل کی سیٹ سے بڑی تعداد میںاسلحہ وایمونیشن برآمد کرکے ہتھیاروں کے بین الصوبائی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیاہے۔پکڑے گئے اسلحے میں ریپیٹر،رائفل،پستول اور کارتوس شامل ہیں جو موٹر سائیکل کے ذریعے درہ آدم خیل سے پنجاب کے شہر میانوالی سمگل کیا جارہا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر قومی ایکشن پلان کے تحت پولیس کا مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کامیابی سے جای ہے جبکہ اسلحہ ومنشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام اور سماج دشمن عناصر کی کڑی نگرانی کے حوالے سے روزمرہ کی بنیاد پر شہر کی شاہراہوں پر اچانک چیکنگ کی کاروائیوں میں بھی تیزی لائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کریک ڈائون اور اچانک چیکنگ کے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ شکردرہ یوسف حیات نے پولیس نفری کے ہمراہ تھانے کی علاقائی حدود میں واقع گرگرو کنڈائو پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں درہ آدم خیل سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر سائیکل کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔پولیس نے تلاشی کے دوران موٹر سائیکل کی سیٹ میں بنے خفیہ خانے میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا اسلحہ و ایمونیشن کی بھاری کھیپ برآمد کرکے موٹر سائیکل سوار بصیر خان ولد محبت خان سکنہ گودی بانڈہ کوہاٹ کوفی الفور گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پکڑے گئے اسلحے میں 1ریپیٹر،1رائفل،4پستول،6چارجرز اور مختلف بور کے 1600کارتوس شامل ہیں ۔پولیس نے اسلحے سے بھری موٹر سائیکل سمیت حراست میں لئے گئے ہتھیاروں کے بین الصوبائی سمگلر بصیر خان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ سمگل کرنے کے جرم میں تھانہ شکردرہ میں مقدہ درج کرلیا ہے جن سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے اور ابتدائی تفتیش میں زیر حراست ملزم نے پکڑا جانیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے پنجاب کے شہر میانوالی سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :