Live Updates

کوٹ لکھپت جیل میں بھینسوں کا دس کلو دودھ روزانہ کی بنیاد پر ان کو مہیا کیا جاتا ہے

جیل میں دودھ کا خالص گھی اور مکھن بھی اسیر رہنماؤں کو فراہم کیے جانے کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 ستمبر 2019 11:18

کوٹ لکھپت جیل میں بھینسوں کا دس کلو دودھ روزانہ کی بنیاد پر ان کو مہیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنےکے بعد ملک کے نامور سیاسی رہنماؤں کو جیل یاترا کرنا پڑی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی سیاسی رہنماؤں کو مختلف الزامات میں جیل یاترا پر جانا پڑا ، ایک طرف جہاں ان سیاسی رہنماؤں کو کرپشن ، منی لانڈرنگ جیسے دیگر الزامات میں جیل میں قید رکھا گیا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ جیل میں ان کے ساتھ عام قیدیوں والا سلوک ہو رہا ہے وہیں دوسری جانب ان کو جیل کے اندر بھی کئی سہولیات دئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نجی ٹی وی ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے جیل میں قید رہنماؤں کے ساتھ جیل انتظامیہ کا انتہائی خوشگوار رویہ نوٹ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل نے احاطے میں دس بھینسیں رکھی ہوئی ہیں اور ان بھینسوں کی دیکھ بھال جیل ملازمین اور قیدیوں کی ذمہ داری ہے جبکہ مبینہ طور پر جیل راشن سے ہی ان کا چارا پورا کیا جاتا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جس دن سے نواز شریف، حمزہ شہباز جیل پہنچے ، وہاں پر اُن کو اُسی دن سے بھینسوں کا دس کلو دودھ روزانہ کی بنیاد پر ان کو مہیا کیا جاتا ہے۔

دودھ کا خالص گھی اور مکھن بھی اسیر رہنماؤں کو فراہم کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔ نواز شریف اور حمزہ شہباز کی بیرک میں صبح شام ڈینگی سپرے ہونے لگا۔ یہی نہیں شام کے وقت جیل انتظامیہ کی جانب سے انہیں خوشبودار مچھر مار سپرے بھی مہیا کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بعض قیدیوں کے عزیز واقارب کا کہنا ہے کہ ڈینگی بخار سے متعدد قیدی بیمار ہو چکے ہیں، لیکن انہیں جیل کی وہی ناقص ادویات دے کر ٹال دیا جاتا ہے۔

اس سارے انکشافات پر جیل سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر نے کہا کہ جیل میں کوئی بھینس نہیں پالی، لہٰذا دودھ مکھن فراہم کرنے کی بات درست نہیں۔ ڈی آئی جی جیل لاہور ریجن ملک مبشر نے کا کہنا تھا پنجاب کی کسی بھی جیل میں اب تک ڈینگی کا ایک بھی مریض نہیں نکلا، نواز شریف اور حمزہ کی کیمروں سے نگرانی کی جاتی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات