گورنر سندھ عمران اسماعیل کی گورنر ہائوس سے نکالی جانے والی امن واک میں شرکت

مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قرارداد اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، گورنر سندھ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 21 ستمبر 2019 19:38

گورنر سندھ عمران اسماعیل کی گورنر ہائوس سے نکالی جانے والی امن واک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ دنیا بھر میں آج امن کا دن منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو دنیا بھر میں عدم تشدد کا دن قرار دیا ہے جسے منانے کا مقصد دنیا میں نفرتوں اور جنگ وجدل کو ختم کرکے محبت کو بڑھانا ہے، اس سال اقوام متحدہ نے اس دن کا موضوع کلائمٹ ایکشن رکھا ہے۔

یہ بات انہوں نے سندھ بوائز اسکائوٹس کے جانب سے گورنر ہائوس سے نکالی جانے والی امن واک "Peace Walk" میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شاہ غلام قادر بھی گورنر سندھ نے کے ہمراہ موجود تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ بوائز اسکائوٹس کی جانب سے عالمی یوم امن کے مناسبت سے امن واک کا انعقاد کرنا قابل تحسین عمل ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی یوم امن کے موقع پر کشمیر میں بھارت کی طرف سے کی جانے والی ظلم و بربریت کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کا کردار اہمیت کا حامل ہے، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قرارداد اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اس ضمن میں اقوام عالم کو بھی آگے آنا ہوگا۔کشمیر میں بھارتی رویہ کی بنا پر خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں، اقوام عالم کو بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرنا چاہئے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیریوں کاساتھ آخری دم تک دیگی۔