Live Updates

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد معاشرے کے کمزور طبقات میں غربت میں کمی ، اورانہیں صحت اورتعلیم کی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہی ہے ،

احساس پروگرام پر موثر انداز میں عمل درآمد کرکے پائیدارترقی سے متعلق اقوام متحدہ کے ہزاریہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں،احساس پروگرام کے تحت سماجی تحفظ کے دائرہ کارمیں توسیع اورتخفیف غربت کیلئے 134 نئے اقدامات اورپروگراموں پرمبنی پالیسی مرتب کرلی گئی ہے وزیراعظم عمران خان کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 26 ستمبر 2019 16:53

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد معاشرے کے کمزور طبقات میں غربت ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد معاشرے کے کمزور طبقات میں غربت میں کمی ، اورانہیں صحت اورتعلیم کی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہی ہے ، احساس پروگرام پر موثر انداز میں عمل درآمد کرکے پائیدارترقی سے متعلق اقوام متحدہ کے ہزاریہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات نیویارک میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر تخفیف غربت کے حوالہ سے احساس پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن اورحکومت پاکستان کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پردستخط بھی ہوئے۔ مفاہمت کی دستاویز پردستخط کے موقع پروزیراعظم عمران خان اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے شریک چئیرمین بل گیٹس موجودتھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشتر اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدرڈاکٹرکرس الییز نے مفاہمت کی دستاویز پردستخط کئے۔ مفاہمت کی دستاویزکے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن سٹنٹڈ گروتھ پرقابو پانے کے پروگرام، فنانشل انکلوژن کے اقدامات اورصحت عامہ کے نظام میں بہتری بشمول نوزائیدہ بچوں اور زچگی کے دوران ہلاکتوں کی شرح میں کمی کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون اورمعاونت کرے گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس و کرس ایلیز کے درمیان ملاقات میں احساس پروگرام اوراس پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں فاونڈیشن کی جانب سے فنڈنگ، تکنیکی معاونت اورپاکستان میں صحت، غذائیت اورفنانشل انکلوژن کے شعبوں میں بین الاقوامی ماہرین کی معاونت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت سماجی تحفظ کے دائرہ کارمیں توسیع اورتخفیف غربت کیلئے 134 نئے اقدامات اورپروگراموں پرمبنی پالیسی مرتب کرلی گئی ہے، معاشرے کے غریب اورکم آمدنی والے طبقات کی بہتری اورمدد کے ضمن میں یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد معاشرے کے کمزور طبقات میں غربت میں کمی ، اورانہیں صحت اورتعلیم کی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ احساس پروگرام پر موثر انداز میں عمل درآمد کرکے پائیدارترقی سے متعلق اقوام متحدہ کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔وزیراعظم نے اس موقع پر ملک کو پولیو سے مکمل طورپرپاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اورکہاکہ اس کے ساتھ ساتھ مائیکرو پیمینٹ گیٹ وے اورفنانشل انکلوژن میں پیش رفت کو بھی یقینی بنایا جارہاہے۔

ملاقات میں ’’ایک عورت ایک بنک اکاونٹ‘‘ پروگرام کا بھی جائزہ لیاگیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اورمشیر ٹیکسٹائل عبدالرزاق داود بھی اس موقع پر موجود تھے۔واضح رہے کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن پہلے سے پاکستان میں کام کررہی ہے، فاونڈیشن نے سال 2020ء میں پاکستان میں مختلف منصوبوں میں 200 ملین ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات