پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ ریبیز ڈے کل بھر پور طریقے سے منایاجائے گا

جمعہ 27 ستمبر 2019 13:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ ریبیز ڈے کل ہفتہ کو بھر پور طریقے سے منایاجائے گا۔ ریبیز جسے عرف عام میں بائولاپن بھی کہتے ہیں سے پاکستان میں ہر سال 3سے 5ہزار جبکہ دنیا بھرمیں 55ہزار افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ورلڈ ریبیز ڈے کے موقع پر عالمی ادارہ صحت ، وزارت صحت ، ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ ، اینٹی ریبیز ایسوسی ایشن پاکستان ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کے اشترا ک سے صوبائی دارالحکومتوں ، ڈویژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز سمیت مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات ،واکس، کانفرنسز ، ورکشاپس، سیمینارز اور دیگر آگاہی پروگرامات کا انعقاد کیاجائے گا جن سے ممتاز ماہرین طب خصوصی خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین طب نے اے پی پی کو بتایاکہ ریبیز بائولے کتے کے کاٹنے سے انسان میں پھیلنے والی ایک وائرل بیماری ہے جو دماغ کی سوجن کا سبب بنتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ گرم خون والے جانوروں اور کتوں میں پایاجانیوالا یہ وائرس زو نوٹک بیماری ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ یہ وائرس پالتو جانوروں سمیت جنگلی جانوروں و کتوں کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہو کر سنٹرل نروس سسٹم کو تباہ کر دیتاہے جس کے باعث دماغ کے کام چھوڑنے سے انسانی موت واقع ہو جاتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ یوں تو ریبیز تمام براعظموں میں پایاجاتاہے لیکن براعظم ایشیاء اور افریقہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جہاں ریبیز95 فیصد انسانی اموات کاباعث بن رہی ہے۔ ورلڈ ریبیز ڈے کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرے گا۔

متعلقہ عنوان :