آزادی مارچ کا حصہ بننا پاکستان مسلم لیگ ن کی مجبوری بن گیا؟

ن لیگ کو مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کاحصہ بننا پڑے گا: لیگی رہنما طلال چوہدری

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 8 اکتوبر 2019 00:20

آزادی مارچ کا حصہ بننا پاکستان مسلم لیگ ن کی مجبوری بن گیا؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کو مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کاحصہ بننا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ کے اجلاس کے بعد بتایا جائے گا کہ ن لیگ کس حد تک آزادی مارچ میں حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محسوس ہورہاہے کہ ن لیگ کو اس لانگ مارچ کاحصہ بنناپڑے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ جب ن لیگ کی حکومت کے خلاف دھرنا دیاگیا تھا تو اس وقت ن لیگ کے پاس دوتہائی اکثریت تھی لیکن یہ حکومت تو ایک جگہ چار ووٹوں سے بنی ہوئی ہے اوردوسری جگہ ایک ووٹ سے بنی ہوئی ہے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ حکومتی کسی غیر آئینی اقدام سے جائے بلکہ عوامی دباؤ ہونا چاہئے اور جب دباؤ پڑتاہے تو حکومت آئینی طریقے سے رخصت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے قریب آئی ہے اور ہم ن لیگ کے اجلاس کے بعد بتائیں گے کہ ہم کس حد تک آزادی مارچ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب ے یو آئی ف نے آزادی مارچ پر حکمت عملی پر مشاورت کے لیے پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے مشترکہ حکمت عملی کے لئے رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری اور ایاز صادق کے درمیاں رابطہ ہوا جس میں مشترکہ حکمت عملی اور رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانے پر مشاورت کی ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیاں رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا ۔ دونوں رہنمائوں نے کہاکہ اپوزیشن کو مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کی ضرورت ہے۔دونوں رہنمائوں کے درمیاں اہم بیٹھک پر اتفاق ہوگیا ہے۔