پاکستان ٹیم کی سری لنکا سے شکست کا معاملہ اسمبلی تک جا پہنچا

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے لیے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع ،چئیرمین پی سی بی سے تحقیقات کا مطالبہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 10 اکتوبر 2019 11:40

پاکستان ٹیم کی سری لنکا سے شکست کا معاملہ اسمبلی تک جا پہنچا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اکتوبر2019ء) سری لنکا سے بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے خلاف معاملہ اسمبلی تک پہنچ گیا۔ن لیگ کے رہنما نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے لیے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما ملک ظہیر اقبال نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کروائی ہے جس میں یہ مطالبہ کیا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جائے۔

جب کہ سری لنکا سے بدترین شکست کے بعد  قرارداد میں چئیرمین پی سی بی سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 13 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، گرین شرٹس 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی، حارث سہیل کی ففٹی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، اوشادا فرننڈو نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ہسارنگا میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان ڈوسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، گونا تھلیکا اور سمارا وکرما نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے ملکر ٹیم کے سکور کو 24 پر پہنچایا، اس موقع پر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سماراوکرما کا وکٹوں کے پیچھے کیح ڈراپ کر دیا تاہم اسی اوور میں عامر نے گونا تھلیکا کو کلین بولڈ کر دیا، تھلیکا نے 8 رنز بنائے، اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے بھی دوسرے اوپنر سماراوکرما کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی، پاکستان کو تیسری کامیابی بھی جلد مل گئی جب 30 کے ٹوٹل پر مہمان ٹیم کے کھلاڑی راجا پکاسا محمد عامر کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بائونڈری لائن پر کھڑے آصف علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، راجا پکاسا نے صرف تین رنز سکور کئے، سری لنکا کو چوتھا نقصان 57 کے سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب پریرا ڈبل سکور لینے کی کوشش میں وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں رن آئوٹ ہو گئے، پریرا نے 13 رنز سکور کئے، دوسری جانب پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے فرنینڈو پاکستان ٹیم کے لئے خطرہ بنتے دکھائی دیئے اور دوسرے اینڈ سے رنز کی رفتار کو تیز کرتے رہے جس نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز سکور کئے، فرنینڈو اور کپتان شناکا کے درمیان پانچویں کی شراکت میں 10 اوورز میں 76 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 134 کے سکور پر اس وقت ہوا جب وہاب ریاض کی گیند پر سری لنکن کپتان ڈوسن شناکا پاکستان کے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، شناکا نے 12 رنز سکور کئے، سری لنکا کی چھٹی وکٹ مدوشانکا کی گری جس نے صرف ایک سکور بنایا اور محمد عامر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے، ساتویں وکٹ اننگز کی آخری گیند پر ڈی سلوا 6 رنز بنا کر رنز آئوٹ ہو گئے، فرننڈو 78 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، محمد عامر نے 27 رنز کے عوض 3، وہاب ریاض نے 26 رنز دیکر ایک، عماد وسیم نے 18 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 134 رنز تک محدود رہی، 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو پہلی ہی گیند پر فخر زمان کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ آئوٹ ہوئے، حارث سہیل میدان میں آئے انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر محتاط انداز اپنایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 76 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔

اس موقع پر بابر اعظم 27 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر سماراوکرما کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ ہو گئے، پاکستان کا سکور 85 پر پہنچا تو اس موقع پر سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے ٹی ٹونٹی کیرئر کی دوسری نصف سنچری 46 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی‘94 کے ٹوٹل پر پاکستان کو تیسرا نقصان حارث سہیل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنا سکے‘103 کے ٹوٹل سکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان عماد وسیم کی وکٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب عماد تین رنز بنانے کے بعد بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بائونڈری لائن پر کھڑے ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، نئے کھلاڑی آصف علی آئے لیکن وہ صرف ایک رن بنانے کے بعد آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ان کی وکٹ ڈی سلوا کے حصے میں آئی‘پاکستان ٹیم کے کپتان بھی انڈر پریشر ہو کر 17 کے انفرادی سکور پر ڈی سلوا کی گیند پر کلین بولڈ آئوٹ ہو گئے۔

مقررہ 50 اوورز کے کھیل میں پاکستان ٹیم 6 وکٹوں پر 134 رنز بنا سکی، وہاب ریاض 12 اور افتخار احمد 17 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 3، کمارا نے 2 اور راجھنتھا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔