نوازشریف،زرداری اور شہبازشریف اپنی سیاست بچانے کیلئے مولانا کا سہارا لینے پر مجبور ہوئے ‘ میاں اسلم اقبال

صارفین ناجائز منافع خوری پر ٹال فری نمبر پر شکایت درج کرائیں ، دو گھنٹے میں کارروائی ہو گی پرائس کنٹرول اتھارٹی بنائی جائیگی، اسمبلی میں جلد بل لایاجائے گا، زرعی فیئر پرائس شاپس کا نیا نظام لارہے ہیں قیمتوں کی چیکنگ کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ہی مارکیٹ میں جائیگا، کوئی اہلکار چیک نہیں کر سکے گا ‘ وزیر اطلاعات ، صنعت و تجارت

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:39

نوازشریف،زرداری اور شہبازشریف اپنی سیاست بچانے کیلئے مولانا کا سہارا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت، صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مستحکم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنائی جائے گی ،اس مقصد کے لئے اسمبلی میں جلد بل لایاجائے گا ،عام آدمی کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہمی کیلئے زِرعی فیئر پرائس شاپس کا بھی نیا نظام لارہے ہیں ،غیر ضروری منافع خوری پر پہلے وارننگ دی جائے گی اگر ناجائز منافع خور باز نہ آئے تو پھر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،آئندہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ دو عوامی نمائندوں کے ساتھ مارکیٹ میں جائے گا ،اگر اس کا کوئی اہلکار مارکیٹ میں قیمتیں چیک کرتا نظر آیا تو وہ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے گا -ان خیالات کااظہار ڈی سی آفس میں تاجر تنظیموں اور ضلعی انتظامیہ سے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ غیر ضروری منافع خوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔صارفین ناجائز منافع خوری کے حوالے سے محکمہ صنعت و تجارت کے ٹال فری نمبر 0800-02345 اور وٹس ایپ نمبر 0307-0002345پر شکایت درج کراسکتا ہے ۔شکایت کے اندراج کے دو گھنٹے کے اندر ذمہ دار کے خلاف کارروائی ہوگی ،دوکانداروں پر لازم ہے کہ وہ نمایاں جگہ پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں درج کریں ،عوام الناس قیمت ایپ کے ذریعے سے بھی روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نواز شریف، زرداری اور شہبازشریف پر کیسا وقت آگیاہے کہ ان کو اپنی سیاست بچانے کیلئے مولانا فضل الرحمن کا سہارا لینا پڑ رہاہے ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا وجود ختم ہوچکا ہے ۔عوام 2018 کے انتخابات کے ذریعے اس کرپٹ مافیا سے آزادی حاصل کرچکے ہیں ۔اب نہ جانے یہ سیاسی پارٹیاں کس آزادی مارچ کی بات کررہی ہیں ۔

کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارت نے مظالم کی انتہا کردی اور مولانا ان حالات میں آزادی مارچ کرکے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔اس سے واضح ہے کہ ان کا ایجنڈا اندرونی نہیں بلکہ وہ کسی بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم شہبازشریف کی طرح شعبدہ بازی پر یقین نہیں رکھتے ۔شہبازشریف نے اربوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر ضائع کردیئے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 45 ارب روپے کی بچت کی ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے گذشتہ ایک سال کے دوران تاریخی اصلاحات کے ذریعے ساڑھے دس ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں جو سابق کرپٹ حکمرانوں نے اپنی عیاشیو ں پر اڑا دیئے ۔معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات کو عالمی مالیاتی ادارے بھی تسلیم کررہے ہیں ۔انہو ں نے کہاکہ اصلاحات کے باعث ٹیکس محاصل میں 29.4 فیصد جبکہ برآمدات میں 15.6 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

کرنٹ اکانٹ خسارہ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ اورنج ٹرین کے منصوبے پر 99 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے 22 جنوری 2020 سے 22 فروری کے دوران اس منصوبے کو چلایاجائے گا ۔لیکن یہ بات بھی عیاں ہے کہ یہ منصوبہ بھی قومی معیشت کیلئے سفید ہاتھی ہے ۔کیا ہی بہتر ہوتا کہ نام نہاد خادم اعلی اورنج ٹرین پر 300 ارب روپے خرچ کرنے کی بجائے کسی اور میٹروبس کا منصوبہ بنا لیتے ۔

شعبدہ باز پنجاب کو اربوں روپے کامقروض بنا کر پی ٹی آئی پر الزام لگاتے ہیں کہ آپ نے کیاکیاہے ۔جناب ہم آپ کی عیاشیوں پر ضائع ہونے والے قرضے اتار رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ گذشتہ سالو ں کی نسبت اس سال لاہور میں ڈینگی کم ہے جس پر ضلعی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر سے مختلف تاجر تنظیمو ں نے ملاقاتیں کیں اور یقین دلایا کہ اشیائے ضروریہ کی طے کردہ قیمتوں پر عمل درآمد کیلئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے - ڈپٹی کمشنر لاہور اصغر جوئیہ بھی ان ملاقاتوں میں موجود تھے ۔