نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ، سدرن پنجاب اور سندھ فاتح

ذیشان اشرف کی ناقابل شکست سنچری نے سدرن پنجاب کو ناردرن کے خلاف کامیابی دلادی محمد وقاص کی جارحانہ بیٹنگ نے ایونٹ میں سندھ کو مسلسل دوسری کامیابی دلادی

پیر 14 اکتوبر 2019 19:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) سدرن پنجاب نے ذیشان اشرف کی شاندار سنچری کی بدولت ناردرن کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہارا دیا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کے دوسرے روز پیر کو کھیلے گئے پہلے میچ میں سدرن پنجاب نے ذیشان اشرف کی شاندار سنچری کی بدولت ناردرن کو 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

200 سے زائد اسٹرائیک ریٹ سیکھیلنے والے اوپنر ذیشان اشرف نے ناقابل شکست 127 رنز اسکور کیے۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ آلرانڈرنعمان علی نے 33 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

ناردرن کے اوپنرز ذیشان ملک اور عمیر خان نے بالترتیب 35 اور 30 رنز اسکور کیے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں اوپنرذیشان اشرف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سدرن پنجاب نے مقررہ ہدف 9 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ ذیشان اشرف نے 63 گیندوں پر 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین محمد محسن نے بھی ناقابل شکست 43 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ناردرن کے سلمان ارشاد، شہزاد اعظم اور نعمان علی نے 1،1 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد وقاص نے 47 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر عظیم گھمن کی نصف سنچری اور جلات خان کی جارحانہ اننگز کی بدولت بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 169رنز بنائے۔ عظیم گھمن نے 48 گیندوں 6 چوکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کیے۔ آلرانڈر جلات خان نے 22 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سندھ کی جانب سے غلام مدثر اورحسان خان نی2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں سندھ نے مطلوبہ ہدف18.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ مڈل آرڈربیٹسمین محمد وقاص نے 26 گیندوں پر 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اوپنر جاہد علی 36 رنز بنا کر سندھ کے دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ بلوچستان کی جانب سے جلاد خان نے 2 جبکہ خرم شہزاد، عاطف جبار اور ابتسام شیخ نے 1،1 کھلاڑی کو آٹ کیا۔ ایونٹ میں منگل کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔