Live Updates

# 27 اکتوبر کو ہر گھر، ہر گلی اور ہر محلے سے انسانوں کا سمندر سڑکوں پر نکلے گا، وزراء کی بدزبانی نے حکومت کو مذاق بنا دیا ہے، شاہ محمد اویس نورانی

- حکومتی کشتی میں کئی سوراخ ہو چکے ہیں،پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے آرڈیننسوں کے ذریعے نئے قوانین بنانا غیر جمہوری طرزعمل ہے حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کے لئے آذادی مارچ سنگ میل ثابت ہو گا، سیکریٹری جنرل جے یو پی

پیر 14 اکتوبر 2019 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ حکومتی کشتی میں کئی سوراخ ہو چکے ہیں۔ پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے آرڈیننسوں کے ذریعے نئے قوانین بنانا غیر جمہوری طرزعمل ہے۔ آذادی مارچ کی کال سے حکمرانوں پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہے۔ حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کے لئے آذادی مارچ سنگ میل ثابت ہو گا۔

ناجائز حکومت کے ساتھ فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر لی ہے۔ ہمارے کارکنان پُرعزم اور یکسو ہیں۔ حکومتی دھمکیاں کارکنان کا جذبہ بڑھا رہی ہیں۔ سیلیکٹڈ وزیراعظم چند ماہ کا مہمان ہے۔ عمران نیازی کی حکومت نے ملک کو کنگال اور قوم کو بدحال کر دیا ہے۔ 27 اکتوبر کو ہر گھر، ہر گلی اور ہر محلے سے انسانوں کا سمندر سڑکوں پر نکلے گا۔

(جاری ہے)

وزراء کی بدزبانی نے حکومت کو مذاق بنا دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ لڑکھڑاتی حکومت سے جلد نجات ملنے والی ہے۔ کوئی اپوزیشن جماعت آذادی مارچ کی مخالف نہیں۔ مہنگائی اور مسائل سے تنگ آئی ہوئی قوم نااہل حکومت سے نجات کے لئے دعائیں مانگ رہی ہے۔ حکومت نے ایک سال کے دوران عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔

حکومت عوام دشمن ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ بیرون ملک وزیراعظم کی تقریروں سے ملک بدنام ہو رہا ہے۔ 27 اکتوبر کو متکبر حکمرانوں کا غرور پاش پاش ہو جائے گا۔ ہمارا مطالبہ حکومت کی برطرفی اور نئے شفاف الیکشن کا انعقاد ہے۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ امریکہ اور مغربی حکمران کشمیریوں کی جان و مال کی قیمت بھارت سے اسلحہ کی فروخت کی صورت میں وصول کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جنم لینے والے انسانی المیہ پر آنکھیں بند نہ کرے۔ امت مسلمہ کو صلاح الدین ایوبی جیسی قیادت کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات