جمعیت علماء اسلا م نے نیشنل پارٹی کو آزادی مارچ میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دے دی

آزادی مارچ میں باقاعدہ شرکت کے حوالے سے میر حاصل بزنجو ،مولانا فضل الرحمن اورشہباز شریف کی (آج)ہونے والی ملاقات کے بعد پالیسی بیان جاری کیا جائیگا،مرکزی صدر نیشنل پارٹی عبد المالک بلوچ

پیر 14 اکتوبر 2019 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی روز اول سے اپوزیشن کے ساتھ ہے، آزادی مارچ میں باقاعدہ شرکت کے حوالے سے پارٹی قائد میر حاصل بزنجو ، جمعیت علما ء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی آج ہونے والی ملاقات کے بعد پالیسی بیان جاری کیا جائیگا، یہ بات انہوں نے پیر کو جمعیت علماء اسلا م کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہی، وفد میں بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ اراکین صوبائی اسمبلی سید فضل آغا، اصغر علی ترین ،حاجی نواز کاکڑ، مولوی کمال الدین ، دلاوکاکڑ سمیت دیگر شامل تھے، وفد نے نیشنل پارٹی کو 27اکتوبر میں ہونے والے آزادی مارچ میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی روز اول سے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہے ، آزادی مارچ کے حوالے سے آج میر حاصل بزنجو، مولانا فضل الرحمن ، شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوگی جس میں قائدین حتمی فیصلہ کریں گے اور پارٹی کی جانب سے پالیسی بیان جاری کیا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو بے روزگاری ،مہنگائی اور مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اگر یہی نظام چلتا رہا تو ملک میں انتشار پھیل جائیگا آج ملک کا ہر باشندہ پریشان ہے ملک اندرونی اور بیرونی محاذوں پر ناکامیوں سے دوچار ہے سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے ،انہوں نے کہا کہ 25جولائی 2018کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ایک ایسی حکومت قائم کی گئی جسے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آزادی مارچ میں شمولیت کی دعوت دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماء سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی،سینیٹر اشوک کمار، نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان بلیدی ،فداحسین دشتی ، ڈاکٹر اسحاق بلوچ، میر رحمت صالح بلوچ، علی احمد لانگو، عطاء محمد بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔دریں اثناء نیشنل پارٹی کی سنیئر باڈی کا اجلاس بیاد شہید عدنان قمبرانی مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت ضلعی صدر ممبر سینٹرل کمیٹی حاجی عطاء محمد بنگلزئی نے کی اجلاس سے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ25جولائی کے انتخابات کے بعدپیداہونے والے سیاسی خلاء کو مضبوط جماعت ہی پورا کرسکتی ہے ہمارے ممبران پارٹی کا اثاثہ ہیںاگر ہم انہیں منظم کریں گے تو اپنے عوام کو ریلیف دے سکیں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کر تے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے ملک بین القوامی سطح پر تنہائی کا شکار ہوچکاہے ملک میں بہت بڑا سیاسی بحران ہے یہاں تک کہ کشمیر کے اہم مسئلے پر قرار داد کے لئے مقرر ہ تعداد کو پورا نہیں کیا جاسکا ،انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری او ر وفاقی نظام ہو تو قوموں کو انکے حقوق مل سکیں گے انہوں نے کہا منظم تنظیم ہی سیاسی خلاء کو پر کر سکتی اجلاس سے سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا لوگ نیشنل پارٹی کی طرف راغب ہورہے ہیں ہمارے لوگوں نے نیشنل پارٹی سے امیدیں وابسطہ کی ہیںجن لوگوں نے الیکشن کے دوران سبز باغ دیکھائے و ہ بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اجلاس سے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی احمد لانگو، ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری نے بھی خطاب کیا ۔