Live Updates

پاکستان اور ایران کا بارڈر پر ہیلتھ پوسٹ کے قیام پر اتفاق

ہیلتھ پوسٹ کا مقصد مسافروں اور زائرین کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ڈاکٹر ظفر مرزا معاون خصوصی برائے صحت کی ایران کے وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن سعید نامکی سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 15 اکتوبر 2019 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایران کے وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن سعید نامکی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات عالمی ادارہ صحت کی تہران میں ہونے والی وزرائے صحت کی کانفرنس کے دوران ہوئی شعبہ صحت میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے بارڈر پر ہیلتھ پوسٹ کے قیام پر اتفاق کیا ہے ہیلتھ پوسٹ کا مقصد مسافروں اور زائرین کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ پاکستان ایران کا پولیو، متعدی اور غیر متعدی امراض کی روک تھام کے لیے تعاون پر بھی اتفاق ہے دونوں ممالک قدیم، مشترکہ تہذیب و ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے مابین شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کا ذکر کیا جس میں شہریوں کے لئے صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد صحت کے شعبہ میں پہلی مفاہمت کی یادداشت پر ایران کے ساتھ دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے ملک میں صحت کے شعبہ میں کی جانے والی اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے صحت کے شعبہ ترقی خطے کے ممالک کے لئے ایک مثال ہے۔ ایران کے وزیر صحت نے ڈاکٹر ظفر مرزا کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں صحت کے شعبہ میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے صحت کے شعبہ میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ دونوں اطراف سے اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کا 14 رکنی وفد نومبر میں دو ہفتوں کے لئے ایران کے صحت کے شعبہ سے استفادہ کرنے اور مکمل جائزہ لینے کے لئے دورہ کرے گا جبکہ ایران نے بھی صحت کے ماہرین پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ دونوں اطراف سے فارما سیوٹیکل اور میڈیکل کے شعبہ میں تعاون کو بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات