پی ٹی سی ایل سی پیک پر ٹیلی فونک سہولیات کی فراہمی کیلئے سروسز فراہم کرے گی، پی ٹی سی ایل نے تیسری سہ ماہی میں 98 ارب روپے کمائے، سالہا سال آمدن میں 45 فیصد اضافہ ہوا

صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ٹی سی ایل راشد خان کی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج بارے میڈیا کو بریفنگ

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل سی پیک پر ٹیلی فونک سہولیات کی فراہمی کیلئے سروسز فراہم کرے گی، پی ٹی سی ایل نے تیسری سہ ماہی میں 98 ارب روپے کمائے ہیں، سالہا سال آمدن میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے، یو فون کی آمدن 6 فیصد، یو بینک کی آمدن میں پچاس فیصد اضافہ ہوا، خالص منافع میں بالترتیب 15 سے 32 فیصد تک کمی ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرز میں کمپنی کی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا بریفنگ میں کیا۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے چیف فنانشل افسر ندیم اقبال خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی سال کے گزشتہ نو ماہ کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 4.5 فیصد بڑھنے سے 98 ارب روپے ہوئی۔

یو فون کی آمدنی میں 6 فیصد اضافہ رہا، پی ٹی سی ایل مائیکرو فنانس بینکنگ کے ذیلی ادارے یو بینک نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد کی واضح ترقی کی تاہم پی ٹی سی ایل گروپ کا نو ماہ کیلئے آپریٹنگ منافع اور خالص منافع 15 فیصد اور 32 فیصد بالترتیب کم رہا، جس کی بنیادی وجوہات میں مہنگائی، روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور بجلی کی قیمتوں کی مالیت میں اضافہ شامل ہیں۔

پی ٹی سی ایل کی 53.8 ارب کی نو ماہ کی آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.4 فیصد قدرے زائد رہی۔ پی ٹی سی ایل کی معروف براڈبینڈ سروسز نے آمدنی میں 5 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ پی ٹی سی ایل نے اپنے نیٹ ورک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ (این ٹی پی) کے تحت اعلیٰ آمدنی دینے والے ایکسچینجز کو اپ گریڈ کرنے کے اپنے سفر کو جاری رکھا ہے۔ پاکستان کے 12 شہروں میں اپنے بہترین 95 ایکسچینجز کو ٹرانسفارم کیا ہے، جس کے نتیجے میں YoY آمدنی میں بھی 12 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شکایات کی شرح میں 35 فیصد کی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

اہم شہروں میں فائبر۔ٹو۔دی۔ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) ایک لاکھ سے زائد لائنوں کے ساتھ تعینات کر دیا گیا ہے جس کی صارفین کی طرف سے مثبت پذیرائی ہوئی ہے۔ کارپوریٹ اور ہول سیل بزنس نے 2018ء کے بعد اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 7 فیصد ترقی کی۔ پی ٹی سی ایل نے لوکل ٹیلی کام آپریٹر کیساتھ نیٹ ورک کی توسیع، Edotco کیساتھ کنیکٹیوتی صلاحیت بڑھانے اور Irdeto کیساتھ وائی فائی مینجمنٹ کی ڈویلپمنٹ اور والدین کو کنٹرول کی فعالیت کیلئے سٹرٹیجک شراکت داری قائم کی ہے۔

اس عرصہ کے دوران وائرلیس کی آمدنی میں سیلولر کمپنیز کی جانب سے فراہم کردہ وائرلیس ڈیٹا سروسز میں سخت مسابقتی رجحان کی وجہ سے YoY میں کمی نظر آئی۔ وائس کی آمدنی میں مسلسل کمی غیر قانونی/گرے ٹریفک ٹرمینیشن، او ٹی ٹی اور سیلولر سروسز پر مسلسل منتقلی وائس ٹریفک میں کمی کی وجہ بنی۔ پی ٹی سی ایل کے خالص منافع میں ٹیکس کی ادائیگی کے بعد 5.5 ارب گزشتہ سال کے نو ماہ کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ رہا۔

اس عرصے کے دوران آپریٹنگ منافع بجلی کی مد میں بڑھتے ہوئے اخراجات اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں دبائو میں رہا تاہم نان آپریٹنگ آمدنی میں انویسٹمنٹ پر بڑھتے ہوئے منافع کی شرح نمو اور ٹرانسلیشن گین آن فورکس ایسٹس کی وجہ سے اضافہ ہوا۔ وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے پی ٹی سی ایل کو طویل المدتی ’’AAA‘‘ اور مختصر المدنی ’’A-1+‘‘ ریٹنگ (درجہ بندی) کی دوبارہ تصدیق کر دی گئی ہے۔

طویل المدتی ’’AAA‘‘ ریٹنگ بلند ترین کریڈٹ کے نمایاں اوصاف بمع برائے نام نقصان کے خطرات کی نشاندہی کی بناء پر ہے جو حکومت پاکستان کے خطرات سے پاک قرض کی مجموعی شرح سے قدرے زائد ہے۔ مذکورہ درجہ بندی مارکیٹ میں پی ٹی سی ایل کی اعلیٰ حیثیت، وسیع نیٹ ورک انفراسٹرکچر، مضبوط و مستحکم مالیاتی اور کاروباری خطرات سے نبردآزما ہونے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔

ریٹنگ میں مضبوط اسپانسرپروفائل جس میں 62 فیصد حکومت پاکستان اور 26 فیصد شیئرز بمعہ مینجمنٹ کنٹرول اتصالات انٹرنیشنل پاکستان جو کہ اتصالات گروپ کا 90 فیصد شیئرز کیساتھ ذیلی ادارہ ہے۔ پی ٹی سی ایل نے اس سال پاکستان کے عوام کے ساتھ یوم آزادی پر اپنے ٹی وی کمرشل کے ذریعے یکجہتی دکھائی جس کو 7 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ ٹی وی کمرشل کا مرکزی خیال ہے کہ پی ٹی سی ایل پاکستان میں کنیکٹیویٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور پی ٹی سی ایل صارفین کی روز مرہ کی کنیکٹیویٹی ضرورت کیلئے بھروسہ مند کمپنی ہیں۔

پی ٹی سی ایل نے ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ مہم کے تحت دارالحکومت میں تین مرکزی مقامات کی تزئین و آرائش اور دوبارہ زمین کی تزئین کا ذمہ اٹھایا۔ پی ٹی سی ایل نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) کراچی میں پروان چڑھنے والے پہلے سٹارٹ اپس گروپ کی معاونت کی جس کی خصوصی گریجویشن تقریب این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں منعقد ہوئی۔ پی ٹی سی ایل نے یوم دفاع منانے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جان دینے والے شہداء کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپٹک فائبر نیٹ ورک کے دائرہ میں توسیع کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کوئی شکایات ہو تو اسے دور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ وائرلیس فون سیکٹر میں سرمایہ کاری میں کمی آئی ہے۔ یو فون کی کارکردگی کو بہتر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ سروس کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل سی پیک پر ٹیلیفون سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ سی پیک پر سرمایہ کاری کیلئے کوئی دوسرا آپریٹرآئے نہ آئے پی ٹی سی ایل سروس فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔