Live Updates

پاکستان سے محبتیں سمیٹ کر جا رہے ہیں

برطانوی شاہی جوڑا پانچ روزہ دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:50

پاکستان سے محبتیں سمیٹ کر جا رہے ہیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اکتوبر2019ء) شاہی جوڑا پانچ روزہ دورہ پاکستان مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنا دورہ پاکستان مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہو گئے۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔شاہی جوڑے کا کہنا ہے کہ پاکستان سے محبتیں سمیٹ کر جا رہے ہیں۔

شہزادے ولیم نے کہا کہ پاکستان سے ملنے والی محبت کبھی نہیں بھولیں گے،شاہی جوڑے نے ہاتھ ہلا کر سب کو الوداع کیا۔شاہی جوڑے نےاپنے دورہ پاکستان کے دوران مختلف مقامات کا دورہ کیا اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقاتیں کی۔اس دورے کے دوران شہزادی کیٹ مڈلٹن کے لباس کے بھی کافی چرچے رہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ رات برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنا دورہ لاہور مکمل کرکے واپس اسلام آباد روانہ ہوئے تھے، لیکن اسلام آباد کا موسم خراب ہونے کے باعث ان کے طیارے کو واپس لاہور آنا پڑا۔

ایئرٹریفک کنٹرول نے شاہی جوڑے کے جہاز کو موسم خراب ہونے کے باعث دوبارہ اڑان کی اجازت نہ دی۔ جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنے خصوصی طیارے میں کافی دیر تک موجود رہے۔ بتایا گیا کہ شاہی جوڑے کو شیڈول کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا۔ تاہم اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث لاہور سے پرواز کی اجازت تاخیر سے ملی۔

بعد ازاں سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کا موسم زیادہ خراب ہونے کے باعث برطانوی شاہی جوڑے کے طیارے کو اسلام آباد سے واپس لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کروا دیا گیا۔ اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے۔ جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کیلئے وی آئی پی لاؤنج بھی اوپن کردیا گیا۔واضح رہے برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے دورہ لاہورمیں ایس او ایس ویلیج کا دورہ کیا، شاہی جوڑے نے تین یتیم بچوں کے ہمراہ ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کاایس او ایس ویلیج آمد پر ویلیج میں قیام پذیر بچوں سمیت دیگر نے پرجوش استقبال کیا ۔شاہی جوڑا بچوں میں گھل مل گیا اور اور ان سے بات چیت کی ۔شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ ایک گھنٹہ سے زائد کا وقت گزارا۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اس موقع پر ایس او ایس ویلیج کے تین بچوں کی سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور کیک کاٹا۔ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے سالگرہ منانے والے بچوں کو کیک پیش کیا۔اس موقع پر شاہی جوڑے کو ایس او ایس ویلیج میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہی دی گئی ۔شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔ بعد ازاں شاہی جوڑے نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات