عدالت کا فریال تالپور، ناصر حسین شاہ، منظور وسان اور دیگر کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر وکلا کو جلد دلائل مکمل کرنے کا حکم

جمعہ 18 اکتوبر 2019 19:39

عدالت کا فریال تالپور، ناصر حسین شاہ، منظور وسان اور دیگر کو نااہل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی رہنمائوں کیخلاف اقامہ رکھنے سے متعلق فریال تالپور، ناصر حسین شاہ، منظور وسان اور دیگر کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر وکلا کو جلد دلائل مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبروپیپلز پارٹی رہنمائوں کیخلاف اقامہ رکھنے سے متعلق فریال تالپور ، ناصر شاہ، منظور وسان اور دیگر کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

ناصر حسین شاہ کے وکیل محمد زبیر ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کا پہلا اقامہ نومبر 2012 میں ختم ہوگیا تھا۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ایمریٹس آئی ڈی کی مدت 2016 تک تھی مگر کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

مستقل ویزا اور ملازمت کے بغیر ایمریٹس آئی ڈی نہیں مل سکتی۔ ایمریٹس آئی ڈی کے تحت ملنے والی تنخواہ الیکشن کمیشن سے چھپائی گئی۔

ناصر شاہ کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل 2013 میں ایم پی اے اور صوبائی وزیر بنے۔ وکیل درخواستگزار نے موقف دیا کہ ناصر حسین شاہ 2018 میں منتخب ہوکر صوبائی وزیر بنے۔ عدالت نے ریماکس دیئے آپ لوگ ہر تاریخ پر نئی دستاویزات پیش کریں گے تو کیس کیسے چلے گا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار نئی چیز دیں گے اور جواب الجواب آے گا تو کیس اسی طرح چلتا رہے گا۔ عدالت نے وکلا کو جلد دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 15 نومبر تک ملتوی کردی۔