پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام سیمینار

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام ’ڈائریکٹرز پوائنٹ آف ویو‘ پر خصوصی سیمینار منعقد ہوا جس میں پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر ایوب خاور ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احمد بلال،اسسٹنٹ پروفیسر اسرار حسین چشتی، عائشہ احمد بلال اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

ایوب خاور 45سال سے الیکڑونک میڈیا کیلئے کام کر رہے ہیں اور’ خوبصورت‘،’ امر بیل‘ جیسے مشہور ڈرامے اور’ نیلام گھر‘ جیسا تاریخی شو پیش کر چکے ہیں۔ اپنے خطاب میں ایوب خاور نے پاکستان ٹیلی ویژن سمیت دیگر چینلزپراپنے کام کے تجربات، پی ٹی وی کے گولڈن ٹائم ، عصر حاضر میں ڈراموں کی زوال پذیری کی وجوہات اور معاشرے کو بنانے میں فلموں کے کردار پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احمد بلا ل نے کہا کہ سیمینار کے انعقاد کا مقصدکالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں نئے متعارف کرائے گئے’ ٹی وی سی اور ویڈیو پراڈکشن ‘کے مضمون کے بارے میں طلباء کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے یہ مضمون ڈیزائن کے طلباء کے لئے نئی راہیںمتعین کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ ڈیزائن میں میڈیا کو دستیاب نئی ٹیکنالوجیزکی بدولت تبدیلی آ رہی ہے جس سے طلباء کو آگاہ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیا مضمون طلباء کوٹی وی سی، شارٹ فلمز اور سوشل میڈیا کیلئے کلپزکی تیاری میں مدد فراہم کرے گا۔ سیمینار میں طلباء کی بنائے گئی ڈاکیومینٹریز ، شارٹ فلمز اور حرکت کرتی تصاویر بھی دکھائی گئیں۔ بعدازاں شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔