ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام کیلئے کینال پارک کی جھیل میں ہزاروں کی تعداد میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑ دیں

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:03

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں لاروا کی افزائش کی روک تھام کے لئے کینال پارک کی جھیل کے پانی میں ہزاروں کی تعداد میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑی گئیں۔ ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اپنے ہاتھوں سے کینال پارک کی جھیل میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑیں جو ڈینگی لاروا کو کھا کر ختم کر دیتی ہیں ۔

اس موقع پر سی ای او (ہیلتھ )ڈاکٹر مشتاق سپرا، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی ڈاکٹر بلال احمد ، اسسٹنٹ کمشنر مصور خاں نیازی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھڑے پانی میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات موجود رہتے ہیں لہذا ڈویژن بھر میں پانی کے تالابوں و دیگر ایسے پانی کے جوہڑوں میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑ کر ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات ختم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات میں احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر موثر عملدرآمد کے سلسلے میں محکمہ صحت کے افسران کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا خاتمہ اولین ترجیح ہے جس کے لئے ان ڈور اور آئوٹ دور سرویلنس کے ساتھ ساتھ پانی کے تالابوں میں تلاپیہ مچھلیاں چھوڑنا بھی ان اقدامات کی ایک کڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں ڈینگی کے خلاف اقدامات کے لئے تمام تر ضلعی مشینری مصروف عمل ہے تاہم اس وائرس سے بچنے کے لئے شہریوں کو ذمہ داری کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا نے بتایا کہ ضلع بھر میں صاف پانی کے جوہڑوں ، تالابوں ، جھیلوں پر گہری نظر ہے ان میں وقفے وقفے سے تلاپیہ مچھلیاں چھوڑ کر ڈینگی لاروا کی نشو و نما روکنے کے لئے انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :