Live Updates

اپوزیشن جماعتوں کے نام نہاد آزادی مارچ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کی سازش سمجھا جائے گا

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کی نجی ٹی وی سے بات چیت

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے نام نہاد آزادی مارچ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کی سازش سمجھا جائے گا۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی ای) سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز سے اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خون خرابے کو روکنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جامع اور دانشمندانہ سفارتکاری کی وجہ سے پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر انٹرنیشنلائز ہوا۔

(جاری ہے)

فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خود کو صحیح معنوں میں امت مسلمہ کا سفیر ثابت کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی پر زور دیا کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات